ہمیں عزت کی قیمت پر امریکی سیکیورٹی امداد نہيں چاہیے ڈی جی آئی ایس پی آر

سیکیورٹی امداد کی معطلی باہمی تعاون اور خطے میں قیام امن کو متاثر کرے گی، ترجمان پاک فوج


ویب ڈیسک January 05, 2018
پاک فوج امریکی امداد کے بغیر بھی طاقتور ہے،ڈی جی ّئی ایس پی آر فوٹو : فائل

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ ہمیں عزت کی قیمت پر سیکیورٹی امداد نہيں چاہیے اور پاک فوج امریکی مالی امداد کے بغیر بھی طاقتور ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاکستان کبھی بھی پیسے کے لیے نہیں بلکہ امن کیلئے لڑتا رہا اور ہمیں عزت کی قیمت پر سیکیورٹی امداد نہیں چاہیے، پاک فوج امریکی امداد کے بغیر بھی طاقتور فوج ہے، امریکی امداد کی معطلی کے باوجود دہشت گردی کے خاتمے کےلیے ہمارے عزائم غیر متزلزل ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ امریکا کا پاکستان کی مالی اور فوجی امداد روکنے کا اعلان

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی منظم اور محفوظ پناہ گاہ نہیں، پاک فوج نے بلاتفریق حقانی نیٹ ورک سمیت تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائیاں کیں اور پاکستان نے جانی و مالی نقصان سمیت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نیت پر شک کرنا خطے میں دیر پا امن کے لیے کوششوں کو نقصان پہنچائے گا جب کہ امریکی سیکیورٹی امداد کی معطلی باہمی تعاون اور خطے میں قیام امن کو متاثر کرے گی۔

واضح رہے امریکا نے گزشتہ روز پاکستان سے ہر قسم کا سیکیورٹی تعاون معطل کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت پاکستان کو فوجی سازو سامان اور مالی امداد فراہم نہیں کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں