ریکارڈز کو توڑنا اسمتھ کا محبوب مشغلہ بن گیا تیز ترین 6 ہزار رنز

111ویں اننگزمیں کارنامہ،پونٹنگ سے ملکی اعزازچھین لیا،سوبرز کا ریکارڈ برابر۔

اب تک دنیا کے 2بیٹسمین اسمتھ سے کم عمری میں اس سنگ میل تک پہنچ پائے ہیں۔ فوٹو : فائل

ریکارڈز کو توڑنا اسٹیون اسمتھ کا محبوب مشغلہ بن گیا تاہم آسٹریلوی کپتان نے سڈنی ٹیسٹ میں سابق ویسٹ انڈین بیٹسمین سرگیری فیلڈ سوبرز کے ریکارڈ میں ساجھے داری اختیار کرلی۔

اسٹیون اسمتھ اب طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں تیزترین 6 ہزار رنز مکمل کرنے والے دوسرے کرکٹر بن گئے، انھوں نے بھی گیری سوبرز کی طرح یہ کارنامہ کیریئر کی محض 111ویں اننگز میں انجام دیا، انگلینڈ سے جاری ایشز سیریز کے پانچویں ٹیسٹ میں دوسرے دن اسمتھ 44 پر ناٹ آئوٹ ہیں،اس دوران انھوں نے اپنا 26واں رنز بناکر 6 ہزار رنز مکمل کرلیے۔

آسٹریلوی کپتان نے انگلش لیگ اسپنر میسن کرین کی گیند پر سنگل بناکر یہ سنگ میل عبور کیا، اس موقع پر شائقین نے نشستوں سے اٹھ کر اسمتھ کو سراہا،حالیہ دنوں میں انھوں نے بہت سے ریکارڈز اپنے قبضے میں کیے۔ تیز ترین 6 ہزار رنز کے معاملے میں سرڈان بریڈمین اسمتھ سے آگے ہیں،جنھوں نے68ویں اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا۔


دوسری پوزیشن اب مشترکہ طور پر سوبرز اور اسمتھ کے قبضے میں ہے، اسمتھ نے6 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے والے کم عمر آسٹریلین کا ملکی ریکارڈ رکی پونٹنگ سے چھین لیا، سردست ان کی عمر 27 سال 217 یوم ہے، پونٹنگ نے یہ کارنامہ 29 برس98 یوم میں انجام دیا تھا، مجموعی طور پر اب تک دنیا کے 2بیٹسمین اسمتھ سے کم عمری میں اس سنگ میل تک پہنچ پائے ہیں، سچن ٹنڈولکر نے 26 سال 313 دن میں یہ کارنامہ انجام دیا۔

حالیہ میچ میں شریک انگلش اوپنر الیسٹرکک 27 برس 43 دن میں کیریئر کے ابتدائی 6 ہزار رنز مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے، سابق جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ نے 27 برس 323 یوم میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

اسٹیون اسمتھ کی شاندار فارم پر سابق کپتان اسٹیو وا کا کہنا ہے کہ وہ ناقابل یقین پرفارم کررہے ہیں، دن بہ دن ان کا کھیل بہتر سے بہترین ہوتا جارہا ہے، جب کبھی ہمیں کچھ شک ہوتا ہے وہ اگلے دن غلط ثابت کردکھاتے ہیں، وہ بہت تیزی سے غلطیوں سے سبق سیکھتے ہیں، بلاشبہ اسمتھ منفرد قسم کے بیٹسمین اوربولرز کیلیے ہمیشہ مشکل ثابت ہوتے ہیں۔
Load Next Story