زاہد قربان علوی کل سندھ کے نگراں وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے

نگراں وزیر اعلیٰ کے لئےاختلافات کے باوجود صوبے کے مفاد میں مشترکہ فیصلہ کیا، سید سردار احمد

نگراں وزیراعلیٰ کے لئے سفارشات گورنرسندھ کو بھجوائی جائیں گی۔ فوٹو: فائل

جسٹس ریٹائرڈ زاہد قربان علی کل سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے نگراں وزیر اعلیٰ کے لئے قائم علی شاہ کی سمری پر دستخط کردیئے ہیں جس کے تحت زاہد قربان علوی کل نگراں وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوگی۔


اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر سید سردار احمد نے نگراں وزیر اعلیٰ کی مفاہمتی دستاویز پر دستخط کئے تھے جس کے مطابق زاہد قربان علوی سندھ کے نگراں وزیراعلیٰ ہوں گے۔ مفاہمتی دستاویز پر دستخط کے بعد پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن نے نگران وزیر اعلیٰ کے لئے جسٹس ریٹائرڈ زاہد قربان علوی پر اتفاق کیا ہے وہ غیرجانبدار شخص ہیں۔ اس سلسلے میں وہ صدرآصف زرداری، الطاف حسین، گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان ،سید سردار احمد ا ور دیگر شخصیات کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ کے لئے سفارشات گورنرسندھ کو بھجوائی جائیں گی۔

اس موقع پر سید سردار احمد نے کہا کہ نگراں وزیر اعلیٰ کے لئے دونوں جماعتوں کا مل کرچلنا بہت مشکل تھا کئی مشکلات راہ میں حائل تھیں لیکن انہوں نے اختلافات کے باوجود صوبے کے مفاد میں مشترکہ فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کی اتنی شفاف منتقلی پہلے کبھی نہیں ہوئی، اس سلسلے میں ہم نے تاریخ رقم کی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story