مخالفین کبھی انگلی تو کبھی سپریم کورٹ کے پیچھے چھپتے ہیں مریم نواز

کوئی نااہل ہوکر بھی سرخرو اور کوئی اہل ہوکر بھی شرمندہ پھر رہا ہے، مریم نواز


ویب ڈیسک January 06, 2018
نوازشریف نے عدلیہ بحال کرائی اب عدل بھی بحال کرائیں گے، مریم نواز فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کاکہنا ہے کہ کوئی نااہل ہوکر بھی سرخرو اور کوئی اہل ہوکر بھی شرمندہ پھر رہا ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ صداقت اور امانت کے پیچھے میچ فکس ہے۔

کوٹ مومن میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنی انتخابی مہم شروع کردی ہے اور پہلی بارکسی جلسے میں میاں نواز شریف کے ساتھ آئی ہوں لیکن جہاں جہاں سے میاں صاحب گزرتے ہیں ہر جگہ ایک ہی نعرہ لگتا ہے کہ وی لو یو (ہم آپ سے محبت کرتے ہیں)، پاکستان کے عوام نواز شریف سے محبت کرتے ہیں، مخالفین ووٹ نہیں لے سکتے اس لئے کبھی وہ انگلی کے پیچھے تو کبھی سپریم کورٹ کے پیچھے چھپتے ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ کوئی نااہل ہوکر بھی سرخرو اور کوئی اہل ہوکر بھی شرمندہ پھر رہا ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ صداقت اور امانت کے پیچھے میچ فکس ہے، کبھی وہ کچھ کہتا ہے تو کبھی کچھ لیکن جو ہم اور عوام کو نظر آرہا ہے وہ اسے دیکھ نہیں پارہا۔ 2013 سے پہلے 20،20 گھنٹے لوڈ شیڈںگ ہوتی تھی لیکن اب بجلی کا بحران ختم ہوگیا ہے۔ یہ مسئلہ ایسے ختم نہیں ہوا، اس کے لیے خون پسینہ بہایا گیا ہے۔ کسی نے تو سازشوں اور دھرنوں کے باوجود کام کیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نیت سزا دینے کی ہو تو پاناما سے اقامہ نکل ہی آتا ہے، پاناما کیس شریف خاندان پر دباؤ ڈالنے کے لیے بنایا گیا، پاناما کے نام سے شریف خاندان ، نواز شریف کی 3 نسلوں کا بار بار احتساب ہوا، ذاتی کاروبار کی ہر چیز کھنگالی گئی لیکن کہیں سے کرپشن کا شائبہ تک نہ ملا تو اقامہ نکال کر لے آئے حالانکہ اقامہ دراصل ویزا ہوتا ہے۔ انشاءاللہ ایک دن پاناما کے بارے میں بھی اسی سپریم کورٹ سے یہی الفاظ سنیں گے جو حدیبیہ کیس میں کہے گئے ہیں۔

سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے کہ نواز شریف این آر او کررہا ہے، این آر او کون کررہا ہے اور اس کی ضرورت کس کو ہے، این آر او تو اس کو کہتے ہیں کہ نواز شریف کی بیٹی کا کیس تو نیب میں بھیج دیا جاتا ہے لیکن عمران خان کو بری کردیا جائے۔

مریم نواز نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ آج تک کسی عدالت کو اتنی ہمت نہیں ہوئی کہ جس پرویز مشرف نے آئین اور قانون پر شب خون مارا ہو اسے عدالت میں بلایا جاسکے۔ کب تک انصاف کا ترازو جمہوریت کو کمزور کرنے کے لیے استعمال ہوگا، کب تک منتخب وزرائے اعظم کو گھر بھیجنے کے لیے جے آئی ٹی بنائی جائے گی، کب تک پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والے کو ضمانتیں دی جائیں گی۔ نوازشریف نے جان ہتھیلی پر رکھ کرعدلیہ کوبحال کرایا،اب وہی عدل بحال کرائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں