انڈر 19ورلڈ کپ پول ڈی ’ڈیتھ گروپ‘ کی حیثیت اختیار کرگیا

سری لنکاکی قیادت دونوں ہاتھوں سے بولنگ کرنے والے کامنڈو مینڈس کے سپرد۔


Sports Desk January 07, 2018
ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کو2بار زیرکرنے والے افغانستان نے ماحول گرما دیا۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

انڈر 19 ورلڈ کپ میں پول ڈی 'ڈیتھ گروپ' کی حیثیت اختیار کرگیا۔

نیوزی لینڈ میں 13 جنوری سے شروع ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان فیورٹ سائیڈز میں شامل ہے، یہ واحد ٹیم ہے جس نے لگاتار2 مرتبہ 2004 اور 2006 میں ٹائٹل اپنے نام کیے جبکہ مزید تین مرتبہ رنر اپ رہنے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔

2 برس قبل کھیلے گئے ایونٹ میں اسے ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست ہوئی جو بعد میں چیمپئن بنی تھی۔ اس وقت ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 293 رنز بنانے والے حسن خان اب ٹیم کی قیادت کریں گے، جس وقت یوتھ کپ کیلیے ٹیموں کے گروپ تیار کیے گئے تو پاکستانی ٹیم کو کسی بڑے چیلنج کا خطرہ دکھائی نہیں دے رہا تھا،مگر حال ہی میں افغانستان نے گرین شرٹس کو کوالالمپور میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ میں 2 بار شکست دے کر ماحول کو گرما دیا ہے، دونوں بار گرین شرٹس کو 16 سالہ حریف آف اسپنر مجیب زدران نے ایک اپنے جال میں الجھایا، فائنل میں انھوں نے صرف 13 رنز کے عوض 5 وکٹیں لی تھیں۔

ایشیا کپ سے قبل افغان ٹیم انڈر 19 ورلڈ کپ کیلیے ایشین کوالیفائرز میں بھی ناقابل شکست رہی تھی۔نیوزی لینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان ابتدائی روز ہی مقابلہ ہوگا۔ دوسری جانب اسی گروپ میں شامل سری لنکا کی قیادت کامنڈو مینڈس کے سپرد ہے، ان کی خاص بات دونوں ہاتھوں سے بولنگ کرنا ہے۔ وہ 2016 کے بھی یوتھ کپ میں حصہ لے چکے جہاں پر ان کی ٹیم سری لنکا نے بنگلہ دیش کے ہاتھوں تین وکٹ سے شکست کے بعد چوتھی پوزیشن پر سفر کا اختتام کیا تھا۔

خیال رہے کہ گروپ ڈی کی چوتھی ٹیم آئرلینڈ کا انحصار اپنے بولرز جوشوا لٹل اور ایرون کوالے پر ہوگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں