گرین شرٹس کے ناقابلِ شکست رہنے کا سلسلہ ٹوٹ گیا

ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ نے قابو کر کے مسلسل 10ویں فتح کا موقع نہیں آنے دیا۔

لگاتار 7ون ڈے میچز میں کوئی نو بال نہ کرنے کا ریکارڈ پاکستان کے نام ہوگیا۔ فوٹو: فائل

گرین شرٹس کے ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ ٹوٹ گیا جب کہ ویلنگٹن میں کیویز نے مسلسل 10ویں فتح کا موقع نہیں آنے دیا۔

گرین شرٹس کو گذشتہ روز مسلسل 9 فتوحات کے بعد پہلی شکست ہوئی،اس سے قبل چیمپئنز ٹرافی میں بھارت سے مات کے بعد سرفراز الیون نے جنوبی افریقہ و سری لنکا کے بعد سیمی فائنل میں انگلینڈ کو زیر کیا،پھر فیصلہ کن معرکے میں روایتی حریف پر فتح سے ٹائٹل پر قبضہ جمایا، ٹیم نے یواے ای میں سری لنکا کو 5-0سے ہراکر مسلسل فتوحات کی تعداد 9کرلی لیکن نیوزی لینڈ میں سیریز کا آغاز ناکامی کے ساتھ ہوا۔

دوسری جانب پاکستان نے مسلسل 7ون ڈے میچز میں کوئی نو بال نہ کرنے کا ریکارڈ بنا دیا، ٹیم نے آخری بار یہ غلطی چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ کیخلاف سیمی فائنل میں کی تھی، بھارت سے فیصلہ کن میچ میں گرین شرٹس نے کوئی گیند ایسی نہیں کی کہ امپائر کو نو کا اشارہ کرنا پڑے، بعد ازاں یواے ای میں سری لنکا کو 5-0سے کلین سوئپ کرتے ہوئے بھی کسی بولر کا قدم کریز سے باہر نہیں گیا۔


نیوزی لینڈ کیخلاف ویلنگٹن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں بولنگ لائن رنز کا سیلاب تو نہیں روک پائی لیکن پوری اننگز میں ایک بھی نوبال نہیں ہوئی، پاکستان نے 7 وائیڈ سمیت10 فاضل رنز دیے،یہ ملکی کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ بولرز نے مسلسل 7ون ڈے میچز میں ایک بھی نوبال نہیں کی،اس عرصے میں گرین شرٹس نے 1786گیندیں کیں، اس سے قبل 1989میں پاکستان نے لگاتار 6مقابلوں میں ایسی کوئی گیند نہیں کی کہ امپائر کو اس کے غیر قانونی ہونے کا اشارہ کرنا پڑے۔

یاد رہے کہ نوبال کے حوالے سے بدنام پیسر وہاب ریاض چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ کھیلنے کے بعد ابھی تک قومی ٹیم میں واپس نہیں آ سکے۔

 
Load Next Story