کین ولیمسن کا ڈراپ کیچ سرفراز احمد کیلیے پچھتاوا بن گیا

موقع گنوانے کانقصان ہوا،جلد 2وکٹیں گرنے سے بیٹنگ سنبھل نہ سکی، کپتان


Sports Desk January 07, 2018
پچ میں خرابی نہیں تھی، تیز ہواؤں اور سرد موسم نے ٹاپ آرڈر کو پریشان کیا، فخر۔ فوٹو: فائل

کین ولیمسن کا ڈراپ کیچ سرفراز احمد کیلیے پچھتاوا بن گیا۔

سرفرازاحمد مشکل کنڈیشنز میں بہتر کارکردگی کیلیے فکرمند نظر آنے لگے ہیں، ویلنگٹن میں پہلے ون ڈے میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کنڈیشنز ہمارے لیے بڑی سخت تھیں،کیچز ڈراپ کردیں تو مشکلات اور بھی بڑھ جاتی ہیں،ولیمسن کو موقع دینے کا بڑا نقصان ہوا،اگلے میچز سے قبل ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑی سرجوڑ کر بیٹھیں گے،پوری کوشش کرینگے کہ اپنی غلطیوں کو سدھار کر آئندہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

یاد رہے کہ سرفراز نے خود ہی کیچ ڈراپ کرکے ولیمسن کو26پر چانس دیا تھا، میزبان کپتان نے سنچری جڑ کر اس غلطی کی بھاری سزا دی اور کیویز 300سے زائد کا ہدف دینے میں کامیاب ہوگئے۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے فخرزمان نے کہا کہ ویلنگٹن کی تیز ہواؤں اور سرد موسم نے ٹاپ آرڈر کو پریشان کیا، ہم قبل از وقت نیوزی لینڈ میں پہنچ کر مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے کوشاں رہے، تیاری بھی اچھی کی تھی لیکن بدقسمتی سے ٹاپ آرڈر ناکام رہا، ٹم ساؤتھی نے آغاز میں بہترین لائن اور لینتھ پر گیند کرتے ہوئے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔

فخر زمان نے کہا کہ کراچی میں بھی تیز ہواچلتی ہے،مجھے ایسے ماحول میں کھیلنے کا تجربہ بھی تھا لیکن وہاں موسم اتنا سرد نہیں ہوتا،اپنی اننگز کے دوران کریز پر قیام طویل کیلیے ابتدا میں سنبھل کر کھیلا، بعد ازاں ماحول کا اندازہ ہوگیا تو ہوا کے رخ کو سامنے رکھتے ہوئے اسٹروکس کھیلنا شروع کئے،اس میں کامیابی بھی ہوئی، انہوں نے کہا کہ کیوی ٹیم میں بہترین پیسرز اور اسپنرز شامل ہیں تاہم اننگز کے کسی بھی مرحلے پر سہل پسندی کا شکار ہونے سے بازی پلٹ سکتی ہے۔

ایک سوال پر فخر نے کہا کہ میزبان کپتان ولیمسن نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین اننگز کھیلی،ان کے آخر تک بیٹنگ کرنے کی وجہ سے ہی میزبان ٹیم 300سے زائد رنز بنانے میں کامیاب ہوئی،پچ میں کوئی خرابی نہیں تھی،گرین شرٹس کو تیز ہوا اور سرد موسم کی وجہ سے مشکلات ہوئیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔