حکومت نے مزید اشیا پر ریگولیٹر ڈیوٹی لگانے کا اعلان کر دیا

اشیائے خوردونوش کی درآمدات پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم نہیں کی جائے گی،یونس ڈھاگا


Business Reporter January 07, 2018
خام تیل کی عالمی قیمت میں اضافے کا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑے گا،کراچی چیمبرمیں خطاب۔ فوٹو : فائل

وفاقی سیکریٹری تجارت یونس ڈھاگا نے واضح کیا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی درآمدات پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم نہیں کی جائے گی بلکہ مزید غیرضروری اشیا کی درآمد پر ریگولیٹری عائد کی جائے گی۔

کراچی چیمبر آف کامرس میں تاجروں و صنعت کاروں سے خطاب کے دوران یونس ڈھاگا نے کہا کہ 3 سال سے گرتی ہوئی برآمدات کے مقابلے میں گزشتہ سال ایکسپورٹ میں 10 تا15 فیصد کااضافہ ہوا ہے جس میں چاول اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، جو مصنوعات ملک میں تیار ہوتی ہیں ان کی درآمدات قومی مفاد میں نہیں، برآمدکنندگان زائد پیداواری لاگت اور ریفنڈز کی بات کرتے ہیں جنہیں حل کیا جارہا ہے۔

یونس ڈھاگا نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑے گا، یہ مجبوری ہے، کراچی ایکسپو سینٹر کے ساتھ آئی ٹی پارک کے قیامسے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کراچی چیمبرمیں تاجروں سے تجارتی سیاست کے لیے نہیں بلکہ تجارت سے متعلق تجاویز سننے آئے ہیں، ہمارے لیے تمام تاجر قابل احترام ہیں چاہے وہ کسی بھی چیمبر اور ایسوسی ایشن کی اپوزیشن ہی کیوں نہ ہو لہٰذا تاجرنمائندے صرف بزنس کے حوالے سے بات کریں، سیاست کے حوالے سے کسی اور فورم پر بات چیت کی جائے، جعلی یابوگس تجارتی ایسوسی ایشن یا چیمبر کی شکایت کراچی چیمبر کو ہے تو اس کے لیے قانون موجود ہے اور اس ضمن میں ڈی جی ٹی او کے پاس شکایت کی جائے۔

وفاقی سیکریٹری تجارت نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال خراب ہے، اسٹیٹ بینک کو 25 ارب روپے کے جاری کردہ فنڈز کے بعد برآمد کنندگان کو ریفنڈز کی مد میں ادائیگیاں شروع ہوجائیں گی، کراچی میں سمندرکو آلودگی سے بچانے کے لیے 5 ایفولینٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں