اسلحے و بارود کی روک تھام کیلئے اسکینر گیٹ لگائیں گے آئی جی سندھ

آئی جی سندھ غلام شبیر شیخ نے کہا ہے کہ عوام اور پولیس مل جل کر کام کریں تو شہر میں امن قائم ہوسکتا ہے


Staff Reporter March 21, 2013
شہیدبینظیربھٹوایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹررزاق آبادمیں کورس مکمل کرنے والے جوان سلامی دے رہے ہیں، چھوٹی تصویرمیں آئی جی سندھ غلام شبیرشیخ اورٹریننگ سینٹرکے کمانڈنٹ مقصوداحمد موجود ہیں ۔ فوٹو: ایکسپریس

انسپکٹر جنرل پولیس سندھ غلام شبیر شیخ نے کہا ہے کہ کراچی میں 4 ماہ میں امن قائم کردیں گے۔

دہشت گردی جب امپورٹ ہورہی تھی اسے اسی وقت روکنا چاہیے تھا،دھماکا خیز مواد کی شہر میں آمد روکنے کی غرض سے جدید ٹیکنالوجی کے حامل اسکینر گیٹ کی تنصیب اور موبائل ایکسرے یونٹ کے لیے بات چیت جاری ہے،یہ بات انھوں نے شہید بے نظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں پولیس ایگلیٹ کورس کے16 ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں کہی۔

آئی جی سندھ غلام شبیر شیخ نے کہا ہے کہ عوام اور پولیس مل جل کر کام کریں تو شہر میں امن قائم ہوسکتا ہے،کراچی میں 4 ماہ کے دوران امن قائم کردیں گے،شہر میں دہشت گردی کی وارداتیں نئی نہیں ہیں ، دہشت گردی جب سرحد پار سے امپورٹ ہورہی تھی اسے اسی وقت روکنا چاہیے تھا،اب ساری ذمے داری پولیس پر ڈال دی گئی ہے۔



کراچی میں گولہ بارود نہیں بنتا سب کچھ باہر سے آتا ہے،اس قسم کے سامان کی آمد روکنے کے لیے شہر کے داخلی راستوں پر اسکینر گیٹ کی تنصیب کے لیے بات چیت جاری ہے اور حکومت کو اس سلسلے میں سفارشات بھیج دی ہیں،جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہر کے اندر کسی بھی مشکوک گاڑی کو چیک کرنے کی غرض سے پولیس کے موبائل ایکسرے یونٹ کے ذریعے اسے قابو کیا جاسکتا ہے،ارشد پپو کی ہلاکت کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ لیاری میں جو کچھ ہوا وہ مکافات عمل ہے۔

، ہمارے پاس بھی سنی سنائی باتیں ہیں کہ ایسا ہوگیا ہے پولیس تحقیق کررہی ہے،آئی جی سندھ نے بتایا کہ پرنسپل سبط جعفر کی جان کو خطرہ تھا اور انھیں سیکیورٹی فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی گئی لیکن انھوں نے انکار کردیا،ایک سوال کے جواب میں آئی جی نے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے افراد دی گئی مہلت کے دوران اپنا اسلحہ تھانوں میں جمع کرادیں ان کا نام بھی نوٹ نہیں کیا جائے گا ۔

لیکن اس کے بعد انھیں نئے ترمیم شدہ قانون کے تحت 14 برس قید کی سزا دی جائے گی،آئی جی نے مزید کہا کہ اگر کسی شہری کو کسی سے کوئی خطرہ ہو تو وہ اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے،قبل ازیں انھوں نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں نقد انعامات تقسیم کیے،اس موقع پر کمانڈنٹ مقصود احمد نے سپاس نامہ پیش کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں