شدید سردی کی لہر بالائی علاقوں میں جھیلیں جم گئیں

لوگ گھروں میں محصور، مری میں برفباری تھم گئی، درجہ حرارت منفی 4 تک گر گیا


Staff Reporter/Numainda Express January 08, 2018
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

لاہور سمیت ملک بھر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے جب کہ بالائی علاقوں میں خون جما دینے والی سردی کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔

مری میں سخت سردی کے باعث رات کا درجہ حرارت منفی 4 تک گرگیا۔ کراچی میں بھی ٹھنڈک بڑھ گئی، شام سے رات گئے تک سرد ہواؤں نے شہریوں کا استقبال کیا۔ دوسری جانب ہفتہ وار تعطیلات کے دوران برفباری کا نظارہ کرنے سیاحوں کی بڑی تعداد مری پہنچ گئی اور موسم سے خوب لطف اٹھایا جبکہ ایک دن قبل ہونیوالی ہلکی برفباری بھی تھم گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوری کے تیسرے اور چوتھے ہفتے میں مزید برفباری ہوگی۔ گلگت بلتستان کے ضلع استور میں درجہ حرارت منفی 10ڈگری تک پہنچ گیا، بالائی علاقوں میں2 فٹ تک برف باری کے بعد رامہ جھیل سمیت چھوٹی بڑی تمام جھیلیں اور پانی کی سپلائی لائنیں بھی منجمد ہو گئیں۔

محکمہ موسمیات نے رواں ماہ کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ، مکران ڈویژن اور بالائی فاٹا میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

گزشتہ روز ریکارڈ کئے گئے سرد ترین مقامات کے درجہ حرارت کے مطابق استور منفی 10، اسکردو، گوپس، کالام منفی 08، ہنزہ، بگروٹ،کوئٹہ، زیارت، دیرمنفی 06، گلگت، قلات منفی05، راولاکوٹ، پارہ چنار میں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں