قومی ون ڈے کرکٹ لاہور لائنز کی فیصلہ کن معرکے میں رسائی

سیمی فائنل میں سیالکوٹ اسٹالینز کو 46 رنز سے ناکامی کا داغ سہنا پڑا۔


Sports Reporter March 21, 2013
سعد نسیم اور قیصرمشترکہ طور پر میچ کے بہترین کھلاڑی، آج کراچی کی ٹیمیں مقابل۔ فوٹو: فائل

لاہور لائنز نے قومی ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن معرکے میں رسائی حاصل کرلی۔

سیمی فائنل میں سیالکوٹ اسٹالینز کو 46 رنز سے ناکامی کا داغ سہنا پڑا، سعد نسیم اور قیصر اشرف مشترکہ طور پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ کراچی کی دونوں ٹیموں زیبراز اور ڈولفنز کے مابین جمعرات کے میچ سے ہوگا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی اسٹیڈیم میں بارش سے متاثرہ پہلے سیمی فائنل کو44 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا، سیالکوٹ اسٹالینز نے ٹاس جیت کر حریف کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، 23 کے مجموعی اسکور پر انٹرنیشنل کرکٹر اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، انھیں بلاول بھٹی نے بلال بٹ کی مدد سے قابوکیا۔

31 رنز پر لائنز کو ایک اور نقصان اٹھانا پڑا جب رضا علی ڈار بھی بغیر کھاتہ کھولے بلاول کی گیند پر ایوب ڈوگر کو کیچ دے بیٹھے، مشکل صورتحال میں کپتان عثمان صلاح الدین نے اوپنر عمر صدیق کے ساتھ 62 رنز کی شراکت سے اسکور93 تک پہنچایا،اوپنر68 گیندوں پر9 چوکوں کی مدد سے59 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر عدیل ملک کا نشان بنے، کیچ بلال بٹ نے وصول کیا، فہد الحق نے کپتان کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 153 تک پہنچایا مگر32کی انفرادی اننگز کھیلنے کے بعدوہ علی خان کی گیند پر شاہد یوسف کے ہاتھوں جکڑے گئے،اسکور میں ایک رن کے اضافے سے عثمان صلاح الدین کی ہمت بھی جواب دے گئی، انھیں 44 رنز پر نیئرعباس نے رخصت کیا،165 رنز پر آغا سلمان کو نیئر عباس نے واپسی کا پروانہ تھمایا۔

8

انھوں نے صرف 3 رنز بنائے،6 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد سعد نسیم نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر حریف بولرز کی خوب درگت بنائی اور ٹیم کا مجموعہ232تک پہنچادیا، سعد نے44 گیندوں پر ناقابل شکست 56 رنز سے سجی اننگز میں چار چھکے لگائے،آصف رضا 7، قیصر اشرف 4، اعزاز چیمہ6 اور محمد آفتاب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، بلاول بھٹی نے40 اور نیئر عباس نے 38 رنز کے عوض3،3 وکٹیں لیں،233 رنز کے تعاقب میں سیالکوٹ نے پہلی وکٹ21 اور دوسری32 رنز پر گنوا دی، مختار احمد15اور منصور امجد نے7رنز بنا سکے، دونوں کو آصف رضا نے ٹھکانے لگایا، شاہد یوسف نے یاسر عزیز کے ساتھ اسکور74تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر یاسر25 رنز بنا کر قیصر اشرف کی گیند پر بولڈ ہوگئے،82 کے مجموعی اسکور پر محمد ایوب بھی 6 رنز بنانے کے بعد قیصر اشرف کا شکار بن گئے،115رنز پر آصف رضا نے شاہد یوسف کو اپنا تیسرا شکار بناتے ہوئے اسٹالینز کی کامیابی کی امیدوں کو شدید دھچکا پہنچادیا، آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد سیالکوٹ کے بقیہ بیٹسمین بھی یکے بعد دیگر پویلین لوٹتے رہے ، عدیل ملک19 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے،علی خان (36) قیصر اشرف کا تیسرا شکار بن گئے۔

نیئر عباس20،بلال بٹ13اور بلاول بھٹی 4رنز تک محدود رہے، بلال آصف ایک رن پر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے، سیالکوٹ اسٹالینز کی پوری ٹیم192 رنز پر رخصت ہوکر46 رنز کی خفت سے دوچار ہوئی، قیصر اشرف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے33 رنز کے عوض4 وکٹیں حاصل کیں، آصف رضا نے 3 اور اعزاز چیمہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قومی ون ڈے ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو کراچی ڈولفنز اور زیبراز کے مابین اسی میدان پر کھیلا جائے گا،فیصلہ کن معرکہ بھی راولپنڈی اسٹیڈیم میں23 مارچ کو شیڈول ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔