ٹی وی اور فیشن نہیں چھوڑوں گی جادو جگانے آئی ہوں عظمیٰ خان

بڑے پردے پردکھائی دینا ہرفنکارکی اولین خواہش ہوتی ہے آج بھی سلوراسکرین کا جادوسرچڑھ کربولتا ہے


Qaiser Iftikhar January 10, 2018
ٹیکنالوجی سے بننے والی فلموں نے سینماگھروں کوآباد کردیا، ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو فوٹو: فائل

اداکارہ وماڈل عظمیٰ خان نے ٹی وی اور فیشن انڈسٹری نہ چھوڑنے کا عزم کرتے ہوئے بڑی اسکرین پرمستقل کام کرنے کی ٹھان لی۔

فیشن اورٹی وی پرنمایاں کام کرنے والی ماڈل واداکارہ عظمیٰ خان نے جونہی بڑے پردے پراپنی صلاحیتوں کے جوہردکھائے، اس کے بعد سے پرائیویٹ پروڈکشن ہاؤسز کے بینر تلے بننے والی فلموں کیلیے انھیں اہم کرداروں کی پیشکش کا سلسلہ تیز ہوگیا۔ ان میں سے کچھ پروجیکٹس سائن کرلیے توبہت سے کرنے سے صاف انکارکردیا۔ اس حوالے سے ایک ملاقات کے دوران عظمیٰ خان نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ ٹی وی اور فیشن کا شعبہ نہیں چھوڑوں گی،بڑی اسکرین پر جادو جگانے آئی ہوں۔انھوں نے کہا کہ بڑے پردے پردکھائی دینا ہرفنکارکی اولین خواہش ہوتی ہے۔

آج بھی سلوراسکرین کا جادوسرچڑھ کربولتا ہے۔ ویسے بھی فیشن اورٹی وی کے شعبوں سے فلم کا رخ کرنے والے فنکاراس بات کوبخوبی سمجھتے ہیں کہ یہ ایک بالکل ہی منفرد کام ہے۔ فلم بننے اوراس میں کام کرنے کا انداز بہت الگ ہے، لیکن یہ بہت ہی مزے داراورسیکھنے والا عمل ہے۔ مجھے جب پہلی مرتبہ فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تومیں بہت خوش تھی کیونکہ یہ میرے لیے بہت ہی سرپرائزنگ تھا اوراس کے علاوہ بہت چیلنجنگ بھی۔ اس معاملے میں، میں خود کو بہت ہی خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ میری ٹیم میں شامل تمام فنکاربہت ہی سپورٹنگ تھے جس کی وجہ سے ایک مشکل مرحلہ بڑی آسانی سے طے ہوگیا۔ پہلے پروجیکٹ کے دوران بہت کچھ سیکھا اوراپنی غلطیوں اورخامیوں کا بھی پتہ چلا، جن کووقت کے ساتھ ساتھ دورکررہی ہوں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی سینما ایک نئے دورمیں داخل ہوچکا ہے۔

جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ بننے والی فلموں نے سینما گھروں کوبھرپورانداز میں آباد کردیا ہے۔ شائقین کی بڑی تعداد اپنی فیملیز کے ہمراہ سینما گھروں کا رخ کررہی ہے، جوبہت ہی خوش آئند عمل ہے۔ اس لیے میں سمجھتی ہوں کہ اچھی اورمعیاری فلمیں زیادہ سے زیادہ بنائی جائیں تاکہ لوگوں کو سب سے سستی تفریح میسرآسکے اوران کے اداس چہروں پرمسکراہٹ لائی جاسکے، جوبہت ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب میری کوشش ہوگی کہ میں زیادہ سے زیادہ سلوراسکرین پردکھائی دوں۔ لیکن اس کا یہ قطعی مقصد نہیں ہوگا کہ میں ٹی وی اورفیشن کے شعبوں کیلیے کام نہیں کرون گی۔ جب بھی کوئی اچھا پروجیکٹ آفرہوگاتواپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاؤں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں