پاکستان میں معاشی ترقی کا عمل جاری رہے گا ورلڈ بینک
رواں مالی سال5.5فیصد، 2018-19میں5.8 فیصد تک بڑھنے کاامکان ہے، رپورٹ
عالمی بینک نے کہا ہے کہ رواں مالی سال 2017-18 کیلیے پاکستان کی معاشی ترقی( جی ڈی پی) میں5.5 فیصد اضافے کی توقع ظاہر کی ہے جبکہ آئندہ مالی سال 2018-19 کے دوران معاشی ترقی کی شرح5.8 فیصد تک بڑھنے کا امکان ہے۔
عالمی بینک نے جنوبی ایشیا کے حوالے سے جاری کردہ اپنی رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ پاکستان کے تجارتی خسارے میں اضافے کا سبب برآمدات میں کمی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت پاکستان کے جاری کھاتوں کا خسارہ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے4.1 فیصد کے مساوی ہے۔
عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں خطے کے دیگر ممالک کی اقتصادی کارکردگی کا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں مالی سال میں بھارت کی معاشی ترقی کی شرح6.7 فیصد جبکہ رواں سال 2018 کے لیے سری لنکا کی معاشی ترقی میں5 فیصد کے اضافے کا امکان ہے۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستانی معیشت کے ترقی کرنے کی رفتار 5.5 فیصد رہنے کی توقع ظاہر کی ہے جبکہ عالمی معاشی نمو 3.1 فیصد رہے گی۔
رپورٹ کے مطابق عالمی معیشت ترقی کی شاہراہ پرہے پاکستانی معیشت بھی ترقی کا سفر جاری رکھے گی جبکہ 2008 کے مالیاتی بحران کے بعد یہ اپنی پوری صلاحیت سے آگے بڑھ رہی ہے لیکن نمو کا دورانیہ قلیل ہے، جو معیار زندگی بہتر بنانے اور غربت ختم کرنے کی کامیا بیوں پر قدغن ہے، بینک البتہ صورتحال پر ضرورت سے زیادہ پرامید ہیں۔