سلیکٹرز کو چلے ہوئے کارتوسوں کی پھر یاد آ گئی

ون ڈے سیریز سے ڈراپ شدہ احمد شہزاد ٹی ٹوئنٹی سیریزکیلیے اسکواڈ میں شامل۔


Sports Reporter January 11, 2018
کامران اکمل نظر انداز،حارث سہیل مختصر فارمیٹ کیلیے بھی منتخب ہو گئے۔ فوٹو: فائل

سلیکٹرز کوچلے ہوئے کارتوسوں کی پھر یاد آگئی۔

پی سی بی نے نیوزی لینڈ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا،احمد شہزاد کوصلاحیتوں کے اظہار کا ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیاگیا ہے،اوپنر سری لنکا کیخلاف یواے ای میں2میچز کھیلنے کے بعد ڈراپ کردیے گئے تھے، ان کی جگہ امام الحق کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔

امام الحق نے ڈیبیو پر ہی سنچری جڑ کر احمد شہزاد کی واپسی کے امکانات ختم کیے اور اس وقت بھی نیوزی لینڈ میں ون ڈے اسکواڈ کے ہمراہ ہیں،سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل گھٹنہ زخمی ہونے کے بعد ایک روزہ میچز نہ کھیل پانے والے اظہرعلی کی واپسی کے بعد بھی اوپنر کیلیے جگہ باقی نہیں رہی۔

احمد شہزاد سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ابتدائی دونوں میچز میں شریک ہوئے لیکن انھیں لاہور میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی کیلیے زیر غور نہیں لایا گیا،فخرزمان کے ساتھ عمرامین نے اننگز کا آغاز کیا، احمد شہزاد نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتر فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹی ٹوئنٹی میں چند اچھی اننگز کھیلیں، گذشتہ روز اعلان کیے جانے والے اسکواڈ میں شامل کرکے انھیں ڈولتے انٹرنیشنل کیریئر کو بچانے کا ایک موقع اور دیا گیا ہے۔

اگرچہ احمد شہزاد نے ڈپارٹمنٹل ون ڈے کپ میں 67.16 کی اوسط سے 403رنز جوڑے، اسٹرائیک ریٹ بھی اچھا رہا لیکن نیوزی لینڈ کی مشکل کنڈیشنز میں کارکردگی کا معیار برقرار رکھنا ان کیلیے ایک بڑا چیلنج ہوگا، گھٹنے کی انجری کے سبب ون ڈے سیریز میں شرکت سے محروم رہنے والے عماد وسیم ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں بھی جگہ نہیں بنا سکے، صہیب مقصود بھی کمر کی تکلیف کا شکار ہیں تاہم دونوں کو بحالی فٹنس کیلیے مزید وقت درکار ہوگا۔

ادھر عماد وسیم کی عدم دستیابی اور محمد حفیظ کی بطور بولر خدمات میسر نہ ہونے کی وجہ سے حارث سہیل کی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے،اب تک مختصر فارمیٹ کے 4میچز کھیل کر 15کی اوسط سے 45رنز بنانے والے آل راؤنڈر نے اس طرز کا آخری میچ اپریل2015میں میزبان بنگلہ دیش کیخلاف ڈھاکا میں کھیلا تھا،ون ڈے کرکٹ کے 22میچز میں 43کی اوسط سے 774رنز بنانے والے حارث سہیل کو ٹیم مینجمنٹ نے ناکارہ پرزہ سمجھ رکھا ہے،وہ چیمپئنز ٹرافی کے بعد سری لنکا سے سیریز کے اسکواڈ میں شامل رہے،مگرایک میچ بھی نہ کھیل پائے، انھیں نیوزی لینڈ میں بھی آزمائش کے قابل نہیں سمجھاگیا،اب ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں بھی شامل کرلیا گیا ہے۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ پرفارمنس کے باوجود کامران اکمل کو نظر انداز کر دیا گیا، نیوزی لینڈ میں موجود کرکٹرز میں سے صرف اظہر علی اور امام الحق کو واپس آنا ہوگا،احمد شہزاد اور عمر امین نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے منتخب پلیئرز کو جوائن کرلیں گے۔

قومی اسکواڈ کی قیادت سرفراز احمد کریں، دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، احمد شہزاد، عمر امین، بابر اعظم، شعیب ملک، حارث سہیل، محمد حفیظ، محمد نواز، شاداب خان، فہیم اشرف، عامر یامین، محمد عامر، حسن علی اور رومان رئیس شامل ہیں۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 22 جنوری کو ویلنگٹن ہوگا، دوسرا میچ 25تاریخ کو آکلینڈ اور تیسرا28جنوری کو ماؤنٹ گینوئی میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں