چیف جسٹس نے بتایا زینب کا قاتل پکڑا گیا احمد رضا قصوری کا دعویٰ

سپریم کورٹ نے چیف جسٹس سے منسوب بیان کی تردید کردی، ذرائع


ویب ڈیسک January 11, 2018
8 سالہ زینب کا قاتل پکڑا گیا ہے جو بچی کا قریبی رشتہ دار ہے، احمد رضا قصوری۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: سینیئر وکیل احمد رضا قصوری کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے انہیں بتایا ہے کہ قصور کی 8 سالہ زینب کا قاتل پکڑا گیا ہے۔

سینیئر وکیل احمد رضا قصوری نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ قصور کی 8 سالہ زینب کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر از خود نوٹس لینے پر چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرنے گئے تھے اور اس دوران چیف جسٹس پاکستان نے انہیں ملزم کی گرفتاری کی خوشخبری سنادی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گفتگو کے دوران چیف جسٹس نے بتایا کہ قصور کی 8 سالہ زینب کا قاتل پکڑا گیا ہے جو بچی کا قریبی رشتہ دار ہے۔

دوسری جانب ذرائع سپریم کورٹ نے چیف جسٹس سے منسوب بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس ثاقب نثار نے اپنی گفتگو میں سوشل میڈیا پر زیر گردش ملزم کی گرفتاری سے متعلق حوالہ دیا تھا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : زینب کے قاتل کی نشاندہی کرنے والے کے لیے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان

خیال رہے زینب کو ایک ہفتے قبل اغوا کیا گیا تھا، پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج ملنے کے باوجود معصوم بچی کو بازیاب نہیں کراسکی تھی تاہم منگل کی شام اس کی لاش کچرا کنڈی سے ملی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زینب کے ساتھ ایک سے زائد مرتبہ زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : قصورمیں دوسرے دن بھی احتجاج، مظاہرین کا رکن اسمبلی کے دفترپردھاوا

ننھی زینب کے قتل کے خلاف شہر میں دوسرے دن بھی احتجاج جاری ہے اور مشتعل افراد نے رکن پنجاب اسمبلی نعیم صفدر انصاری کے دفتر میں گھس کر توڑ پھوڑ کے بعد ان کی دو گاڑیوں کو آگ لگادی ہے۔ شہرمیں مکمل ہڑتال ہے، مشتعل مظاہرین نے سول اسپتال کے سامنے اسٹیل باغ چوک کو چاروں اطراف سے بند کردیا ہے۔ احتجاج کی وجہ سے قصور کا دیگر شہروں سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں