دنیا کے تیز رفتار امریکی جاسوس طیارے کی خفیہ تصویر منظر عام پر

یہ طیارہ کراچی سے نیویارک ڈیڑھ گھنٹے میں پہنچ سکتا ہے اس کی تصویر گوگل سیٹیلائٹ کے ذریعے سامنے آئی ہے


ویب ڈیسک January 12, 2018
گوگل ارتھ کے ذریعے کھینچی گئی ایک تصویر جس میں امریکی ریاست فلوریڈا کی ایئربیس پر ایک تکون شکل کا طیارہ موجود ہے جس کے بارے میں دعویٰ ہے کہ وہ امریکا کا تیز ترین طیارہ ہے جسے اب تک خفیہ رکھا جارہا ہے۔ تصویر بشکریہ ڈیلی مرر

ایک امریکی ایئربیس پر موجود جاسوس طیارے کی تصویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ دنیا کا سب سے تیز رفتار امریکی خفیہ طیارہ ہے جو 7 ہزار 400 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے پرواز کرسکتا ہے۔

معروف برطانوی ویب سائٹ پر شائع رپورٹ کے مطابق امریکی افواج کی جانب سے خفیہ طور پر تیار کیے گئے ایک ایسے جنگی طیارے کی تصویر منظر عام پر آگئی ہے جو 7400 کلومیٹر( 4600 میل) فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرسکتا ہے اور ممکنہ طور پر اس وقت دنیا کا سب سے تیز رفتار طیارہ بھی ہے۔



یہ تصویر گوگل ارتھ کے ذریعے منظر عام پر آئی ہے جس میں گوگل نے سیٹلائٹ کے ذریعے امریکی ریاست فلوریڈا میں موجود ایئربیس کی تصویر حاصل کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایئر بیس پر ایک تکون شکل کا طیارہ موجود ہے۔



ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ تصویر میں نظر آنے والا طیارہ امریکی ایئرفورس کا سب سے تیز ترین پرواز کرنے والا ہائپر سونک پلین ہے جسے اب تک خفیہ رکھا جارہا ہے اور اسی کی پرواز کو بعض اوقات لوگ اڑن طشتری سے بھی تعبیر کرتے ہیں۔



رپورٹ کے مطابق یہ خفیہ ہائپر سونک طیارہ دنیا کی سب سے بڑی طیارہ ساز کمپنی لاک ہیڈ مارٹن نے تیار کیا ہے، اسے تیار کرنے کا پروجیکٹ سال 2000ء میں شروع ہوا تھا۔



اس ضمن میں کھینچی گئی تصویر سوشل میڈیا پر اور تصاویر پر مبنی ایک ویڈیو یو ٹیوب پر وائرل ہوگئی ہے تاہم بعض لوگوں کا دعوی ہے کہ یہ طیارہ نہیں بلکہ ایک اسپیڈ بوٹ ہے جو کہ سمندر میں اتاری جائے گی تاہم متعدد افراد نے اسے طیارہ بھی قرار دیا۔

خیال رہے کہ یہ طیارہ کراچی سے نیویارک ڈیڑھ گھنٹے میں پہنچ سکتا ہے جب کہ اس وقت عام مسافر بردار طیارے 11 ہزار 680 کلومیٹر کا یہ فاصلہ 18 گھنٹے میں طے کرتے ہیں ، اسی طرح یہ طیارہ نیویارک سے لندن کا 5 ہزار585 کلومیٹر کا فضائی فاصلہ محض 45 منٹ میں طے کرسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں