9 سال کی عمر میں لاپتہ ہونیوالا لڑکا 4 برس بعد والدین کو مل گیا

شہباز چھٹیاں منانے کے لیے میاں چنوں سے کراچی آیا تھا،بہن کے ساتھ سبزی لینے گیااور لاپتہ ہوگیا

سہراب گوٹھ کے علاقے الآصف اسکوائر میں رہ رہا تھا، شہباز ۔ فوٹو: ایکسپریس

شہر سے 9 سال کی عمر سے لاپتہ ہونے والانو عمر لڑکا 4 برس بعد والدین کو مل گیا۔


سرجانی ٹاؤن کے علاقے خدا کی بستی کے رہائشی شعبان کا نو عمر لاپتہ بیٹا شریف آباد تھانے کی پولیس نے والد کے حوالے کردیا۔ گزشتہ روز اچانک لاپتہ لڑکے کے والد شعبان کو موبائل فون پر ایک خبر ملی کہ اس کا بیٹا شریف آباد پولیس کے پاس ہے،بیٹے کی خبر سنتے ہی والد کی جان میں جان آگئی، اسی وقت دوڑتا ہوا تھانے چلا آیا، گمشدہ بیٹے کو صحیح سلامت دیکھ کر والد کی خوشی دیدنی تھی۔

والد شعبان نے بتایا کہ بیٹا چھٹیاں منانے میاں چنوں سے کراچی آیا تھا کہ بہن کے ساتھ سبزی لیتے وقت لاپتہ ہو گیا تھا جس کو کراچی کے چپے چپے میں تلاش کیا پر کوئی خبر نہیں ملی، حتی کہ بیٹے کی بری خبر سنانے والوں نے اسے مردہ خانے تک کا پتہ دیا اور اس نے وہاں کا بھی رخ کیا، شہر کے تمام پول اور اخبارات میں اشتہار بھی دیے گئے، بیٹے کے ملنے کی خوشی میں ساری رات نیند نہیں آئی اور جب وہ لاپتہ تھا تب بھی ساری رات جاگ کر گزارتا تھا۔


ملنے والے شہباز نے بتایا کہ وہ سہراب گوٹھ کے علاقے الآصف اسکوائر میں رہ رہا تھا، وہاں موجود مبینہ افراد اس سے محنت مزدوری کراتے تھے اور باہر نکلنے نہیں دیتے تھے اور تشدد بھی کرتے تھے۔

شہباز کے نہ ملنے کی صورت میں 26 نومبر 2011 کو سرجانی تھانے میں درخواست دی گئی اور شک کی بنیاد پر مقدمہ الزام نمبر 529/2015 سرجانی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا، مقدمے میں اغوا کی دفعہ کو بھی شامل کیا گیا، مدعی نے اپنے چچا پر شک کی بنا پر گرفتار کیا اور ثابت نہ ہونے پر ضمانت پر رہا ہو گیا۔

سرجانی تھانے کے انویسٹی گیشن افسر نے بتایا کہ شہباز کا کورٹ میں بیان ریکارڈ کرایا جائے گااور اس کے بعد تحقیقات آگے بڑھے گی۔
Load Next Story