محمد حفیظ فیلڈ میں رکاوٹ بننے پر آؤٹ قرار

پاکستانی اوپنر آئی سی سی کی نئی پلیئنگ کنڈیشن کا پہلا شکار ثابت ہوئے۔


Sports Desk March 22, 2013
وکٹ گنوانے پر انتہائی غضبناک، باہر آتے ہوئے غصے سے گلوز اتارے۔ فوٹو: رائٹرز

جنوبی افریقہ کے خلاف چوتھے ون ڈے میں محمد حفیظ کو فیلڈ میں رکاوٹ بننے پر آؤٹ قرار دیا گیا۔

وہ آئی سی سی کی اس نئی پلیئنگ کنڈیشن کا پہلا شکار ثابت ہوئے، ڈومیسٹک میچ میں اسی طرح وکٹ گنوانے والے میزبان قائد ابراہم ڈی ویلیئرز نے نئے قانون کا فوری فائدہ اٹھایا۔تفصیلات کے مطابق دوسرے اوور کی تیسری گیند پر عمران فرحت نے دوسرے رن کیلیے حفیظ کو آواز دی مگر انھوں نے مڑنے میں تھوڑی سستی برتی اتنے میں گیند وکٹ کیپر ابراہم ڈی ویلیئرز کے ہاتھوں میں آگئی، حفیظ نے نان اسٹرائیک کی جانب دوڑتے ہوئے اپنی ایک آنکھ تھرو پر رکھی اور دوڑتے ہوئے خفیف سی حرکت سے اپنی سمت تبدیل کی جس سے گیند ان سے ٹکرا گئی۔

اس پر حریف سائیڈ کی جانب سے فیلڈ میں رکاوٹ بننے کے نئے قانون کے تحت اپیل کردی گئی، امپائرز نے بھی تھوڑی دیر صلاح و مشورے کے بعد حفیظ کو آؤٹ قرار دے دیا، جب یہ نئی پلیئنگ کنڈیشن متعارف کرائی گئی اس وقت ایک ڈومیسٹک میچ میں خود ڈی ویلیئرز اس کا شکار ہوئے تھے، اس لیے یہ قانون ان کے ذہن میں تازہ تھا جس کی بھینٹ بغیر کوئی رن بنائے حفیظ چڑھ گئے، وہ اس فیصلے پر انتہائی غضبناک بھی ہوئے اور فیلڈ سے باہر آتے ہوئے غصے سے اپنا گلوز اتارا جبکہ بیٹ بھی نیچے مارنے کا ارادہ کیا مگر پھر بروقت خود کو اس حرکت سے باز رکھا۔

3

پہلے بیٹسمین رن آؤٹ سے بچنے کیلیے اپنی سمت تبدیل کرلیتے یا پھر فیلڈر سے ٹکرا جاتے تھے مگر اب آئی سی سی نے اسے ممنوع قرار دیا اور ایسی حرکت پر آؤٹ قرار دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آئی سی سی قوانین کے تحت اس بات کا تعین کرنا امپائرز کا کام ہے کہ فیلڈ میں رکاوٹ انجانے میں ہوئی یا جان بوجھ کر ایسا کیا گیا، اس سلسلے میں امپائرز آپس میں مشورہ کرسکتے ہیں، کیچ میں رکاوٹ ڈالنے پر بھی بیٹسمین کو آؤٹ قرار دیا جائے گا، گیند کو فیلڈرکے ہاتھوں میں جانے سے روکنے پر بھی آؤٹ تصور ہوگا، اس انداز میں آؤٹ قرار دیے جانے والے وکٹ کا کریڈٹ بولر کو نہیں ملے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں