کلین سوئپ کا بھارتی خواب حقیقت بننے کے قریب

آسٹریلیا کیخلاف دہلی ٹیسٹ آج شروع ہو گا، اوپنر اجنکیا راہنے ڈیبیو کریں گے


Sports Desk March 22, 2013
کلارک کی کمر ٹھیک نہیں ہوپائی، واٹسن کے قیادت سنبھالنے کا امکان روشن۔ فوٹو: فائل

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان چوتھا ٹیسٹ جمعے سے نئی دہلی میں شروع ہورہا ہے۔

کلین سوئپ کا بھارتی سہانا خواب حقیقت بننے کے قریب پہنچ گیا ، میزبان سائیڈ تاریخ کا نیا باب رقم کرنے سے ایک فتحکی دوری پر ہے، اوپنر اجنکیا راہنے ڈیبیو کریں گے۔ دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم کو وائٹ واش کی رسوائی سے بچائو کا کٹھن چیلنج درپیش ہے، کپتان مائیکل کلارک کی کمرٹھیک نہیں ہوپائی، شین واٹسن کے قیادت سنبھالنے کا امکان روشن ہے۔

4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے ابتدائی تینوں مقابلوں میں بھارت آسٹریلیا کو شکست سے دوچار کرچکا، یہ پہلا موقع تھا جب اس نے کینگروز کے خلاف کسی ایک سیریز کے تین ٹیسٹ جیتے، اب وہ 4 ٹیسٹ کی سیریز میں کلین سوئپ کیلیے پُرعزم ہے۔ اس سیریز میں میزبان سائیڈ کی جانب سے دوسرے اوپنر کا ڈیبیو ہوگا، پہلے سہواگ کی جگہ تیسرے میچ میں شیکھر دھون کو کھلایا گیا جنھوں نے پہلے ٹیسٹ میں تیزترین سنچری کا نیا ریکارڈ قائم کرڈالا، مگر پھر فیلڈنگ کے دوران ہاتھ انجرڈ کرا بیٹھے جس کی وجہ سے وہ دہلی ٹیسٹ سے باہر ہوچکے ہیں، ان کی جگہ اجنکیا راہنے کو دی جائے گی جو کافی عرصے سے ڈیبیو کے منتظر ہیں۔

4

فیروز شاہ کوٹلہ بھارت کا فیورٹ گرائونڈ ہے، وہ یہاں پر 1987 میں ویوین رچرڈز کی قیادت میں ویسٹ انڈین سائیڈ سے شکست کے بعد سے 9 میں سے 8 ٹیسٹ جیت چکا، یہاں پر بھی ٹرننگ وکٹ ہی مہمان ٹیم کی منتظر ہوگی، موسم کافی گرم رہے گا۔ ادھر آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک بھرپور کوشش کے باوجود بھی پوری طرح فٹ نہیں ہوپائے، انھوں نے جمعرات کو بھی ٹریننگ سیشن میں حصہ نہیں لیا جس کے بعد ان کی آخری ٹیسٹ میں شرکت انتہائی غیریقینی ہے، ان کی جگہ شین واٹسن قیادت کریں گے جنھیں دیگر تین ساتھیوں کے ہمراہ ڈسپلن کی خلاف ورزی پر موہالی ٹیسٹ سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں