قومی ون ڈے کرکٹ فائنل میں کل کراچی زیبراز کا لاہور سے ٹکراؤ

دوسرے سیمی فائنل میں ڈولفنز کو81 رنزسے شکست، مین آف دی میچ اکبر الرحمان کا آل راؤنڈ کھیل۔


Sports Reporter March 22, 2013
اکبر الرحمان نے نصف سنچری بنانے کے بعد تین وکٹیں بھی حاصل کیں ۔ فوٹو : فائل

قومی ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہفتے کو کراچی زیبراز کا لاہور لائنز سے ٹکراؤ ہو گا۔

دوسرے سیمی فائنل میں ڈولفنز کو81 سے شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا، مین آف دی میچ اکبر الرحمان نے آل راؤنڈ کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری بنانے کے بعد تین وکٹیں بھی حاصل کیں، فیصلہ کن معرکہ راولپنڈی اسٹیڈیم کی مصنوعی روشنیوں میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کیلیے10 لاکھ روپے انعامی رقم رکھی گئی ہے، چیمپئن ٹیم 5 لاکھ کی حقدار ہوگی جبکہ رنرز اپ کو ڈھائی لاکھ ملیں گے، فائنل کے بہترین کھلاڑی کو50 ہزار روپے دیے جائیں گے، بیسٹ بیٹسمین، بولر، فیلڈر اور وکٹ کیپر کیلیے بھی 50 ہزار روپے فی کس مختص کیے گئے ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میںکراچی ڈولفنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، زیبراز کوخرم منظور اور فخر زمان نے41 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، فخر22رنز بنانے کے بعد محمد سمیع کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، دوسری وکٹ کی شراکت میں خرم اور اکبر الرحمان نے 89 رنز جوڑے، ٹیم کا اسکور 130 ہوا تو اوپنر60 گیندوں پراتنے ہی رنز بناکر سہیل خان کی گیند پر واجد علی کو کیچ تھما بیٹھے،کپتان فیصل اقبال(7) بھی ٹیم کے اسکور میں خاطر خواہ اضافہ کیے بغیر بابر الرحمان کی آؤٹ سوئنگ ڈلیوری کو کٹ کرنے کے شوق میں وکٹ کیپر سرفراز کو آسان کیچ دے بیٹھے، 166 کے اسکور پر زیبراز کی چوتھی وکٹ بھی گر گئی۔

5

اکبر الرحمان (63) کوآف اسپنر عاطف مقبول نے بابر رحمان کی مدد سے شکار کیا، ٹوٹل174ہوا تو طارق ہارون(4)خالد لطیف کے تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے،184 پر زیبراز کو محمد وقاص کی صورت میں چھٹی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا، انھیں عاطف مقبول نے شاہ زیب حسن کی مدد سے ٹھکانے لگایا، انورعلی 13 ، مصباح خان 10 اور رومان رئیس 1رن بنا سکے، جاوید منصور(33) کا سہیل خان نے اپنی ہی گیند پر کیچ تھام کر 239 کے مجموعی اسکور پر حریف اننگز ختم کر دی، فواد خان 3رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، سہیل خان، بابر رحمان اور عاطف مقبول نے 2،2 وکٹیں لیں۔

جواب میں انور علی نے 12 رنز پر تجربہ کار بیٹسمین خالد لطیف کو طارق ہارون کی مدد سے آؤٹ کر دیا،21 رنز پر سعید بن ناصر بھی فخرزمان کی تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے،فواد عالم نے اوپنر شاہ زیب حسن کے ساتھ مل کر اسکور 59 تک پہنچایا، مگر اس مرحلے پر ٹیسٹ بیٹسمین(17) رخصت ہو گئے،واجد علی(10) فواد خان کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، ڈولفنز کی امیدیں اس وقت خاک میں ملیں جب ان فارم بیٹسمین شاہ زیب حسن (42)کو اکبر الرحمان نے ایل بی ڈبلیو کردیا، اس کے بعد تو وکٹیں متواتر گرتی رہیں،وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر تھوڑی مزاحمت کی مگر اس وقت تک فتح پہنچ سے دور ہوچکی تھی۔

بابر رحمان ایک ، محمد سمیع بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے، فہیم احمد نے بھی ایک رن اسکور کیا، عاطف مقبول 16 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے، سرفراز احمد نے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے36 رنز بنائے، سہیل خان 19 پر ناٹ آؤٹ رہے، ڈولفنزکی پوری ٹیم 43.1 اوورز میں158 تک محدود رہی، اکبر الرحمان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے6.1 اوور میں13 رنز دیکر 3کو آؤٹ کیا، مصباح خان کے حصے میں بھی 38 رنز کے بدلے اتنی ہی وکٹیں آئیں، انور علی، رومان رئیس اور فواد خان نے ایک، ایک وکٹ لی،اکبر الرحمان کو شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں