ٹوئنٹی 20 سپر 8 کرکٹ ٹورنامنٹ کا منگل سے آغاز

لاہور میں شیڈول 6 روزہ ایونٹ میں 15 میچز کھیلے جائیں گے، بورڈ اسٹارز کی شمولیت یقینی بنانے کیلیے کوشاں۔


Sports Reporter March 22, 2013
لاہور میں شیڈول 6 روزہ ایونٹ میں 15 میچز کھیلے جائیں گے، بورڈ اسٹارز کی شمولیت یقینی بنانے کیلیے کوشاں۔ فوٹو: فائل

قومی ٹوئنٹی20 سپر8 کرکٹ ٹورنامنٹ منگل26 مارچ سے شروع ہوگا، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول6 روزہ ایونٹ میں مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جائیں گے۔

روزانہ3 مقابلوں کے بعد دونوں سیمی فائنلز30 تاریخ جبکہ فائنل اگلے روز ہوگا، گروپ اے میں لاہور لائنز، سیالکوٹ اسٹالینز، ملتان ٹائیگرز اور ایبٹ آباد فالکنز شامل ہیں، گروپ بی فیصل آباد وولفز، بہاولپور اسٹیگز، راولپنڈی ریمز اور کراچی ڈولفنز پر مشتمل ہوگا۔ ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ذاکر خان کے مطابق اسٹار کرکٹرز کی شمولیت یقینی بنائیں گے، حکومت کی تبدیلی کے باوجود انتظامی اور سیکیورٹی مسائل کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں دسمبر میں منعقدہ قومی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ میں14 ٹیموں نے شرکت کی تھی، ان میں سے باٹم سکس میں رہنے والی سائیڈز لاہور ایگلز، پشاور پینتھرز، حیدر آباد ہاکس، کراچی زیبراز، اسلام آباد لیپرڈز اور کوئٹہ بیئرز کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع نہیں ملے گا، سرفہرست8 ٹیموں پر مشتمل نئے ایونٹ کا پہلا میچ دوپہر12، دوسرا سہ پہر4 اور تیسرا رات8 بجے شروع ہوگا۔ افتتاحی مقابلے میں فیصل آباد وولفز اور بہاولپور اسٹیگز کا سامنا ہونا ہے،اسی روز ملتان ٹائیگرز کا سامنا ایبٹ آباد فالکنز اور لاہور لائنز کا سیالکوٹ اسٹالینز سے سامنا ہوگا۔

7

27 مارچ کو ایبٹ آباد فالکنز کا میچ سیالکوٹ اسٹالینز، لاہور لائنز کا ملتان ٹائیگرز اور کراچی ڈولفنز کا راولپنڈی ریمز کے ساتھ شیڈول ہے،اگلے روز بہاولپور اسٹیگز اور راولپنڈی ریمز، کراچی ڈولفنز اور فیصل آباد وولفز، لاہور لائنز اور ایبٹ آباد فالکنز مقابل ہونگے، 29 مارچ کو سیالکوٹ اسٹالینز کا مقابلہ ملتان ٹائیگرزسے ہونا ہے، راولپنڈی ریمز کو فیصل آباد وولفز جبکہ کراچی ڈولفنز کو بہاولپور اسٹیگز کا چیلنج درپیش ہوگا۔30 مارچ کو پہلے سیمی فائنل میں گروپ اے کی سرفہرست ٹیم کا مقابلہ بی کی رنرز اپ سے ہوگا، دوسرے میں گروپ بی کے ٹاپ اسکواڈکو اے میں دوسری پوزیشن کی حامل سائیڈ کا سامنا کرنا ہے، ٹائٹل کیلیے فیصلہ کن معرکہ اگلے روز رات 8 بجے مصنوعی روشنیوں میں ہوگا۔

اس حوالے سے پریس کانفرنس میں ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ذاکر خان نے بتایا کہ ایونٹ میں اسٹار کر کٹرز کی شمولیت یقینی بنائیں گے، انھوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ میں مصروفیات اور دیگر امور کے پیش نظر مارچ کا آخری ہفتہ ہی ڈومیسٹک مقابلوں کیلیے موزوں ترین وقت تھا، پروٹیز کیخلاف سیریز میں شریک کھلاڑیوں سمیت تمام نامور کرکٹرز نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی حامی بھر لی ہے، کسی کو بد قسمتی سے بڑی انجری نہ ہوئی تو مقابلوں کی رونق بڑھانے کیلیے اسٹیڈیم میں موجود ہوگا۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ مقامی حکام نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی، حکومت کی تبدیلی کے باوجود انتظامی اور سیکیورٹی مسائل کا کوئی خدشہ نہیں،ایسے مقابلے پہلے بھی کئی بار کرا چکے،انتظامات میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی،، میچزکے انعقاد سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 25 اور رنرز اپ کو 10 لاکھ روپے بطور انعام دیے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں