دفاعی چیمپئن محمد آصف قومی اسنوکر ایونٹ سے باہر

بابر مسیح نے کامیابی کے نتیجے میں پری کوارٹر فائنل کے لیے راہ ہموار کر لی

بابر مسیح نے کامیابی کے نتیجے میں پری کوارٹر فائنل کے لیے راہ ہموار کر لی۔ فوٹو: فائل

عالمی اسنوکر چیمپئن اور اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والے محمد آصف 38 ویں قومی اسنوکر چیمپئن سے باہر ہوگئے۔

کراچی جیمخانہ میں جاری چیمپئن شپ میں پنجاب کی نمائندگی کرنے والے محمد آصف کو جمعرات کو پانچویں رائونڈ میں پنجاب ہی کے بابر مسیح نے 4-2سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل کے لیے راہ ہموار کر لی، لیگ کی بنیاد پر ہونے والے ابتدائی مقابلوں کے بعد اس مرحلے میں پہنچنے والوں میں سابق عالمی اسنوکر چیمپئن محمد یوسف بھی شامل ہیں، گروپ اے سے محمد اشتیاق اور بابر مسیح،گروپ بی سے اسجد اقبال اور ابو صائم، گروپ سی سے محمد یوسف اور عمران شہزاد، گروپ ڈی سے عمیر عالم، گروپ ای سے محمد سجاد اور محمد ساجد علی، گروپ ایف سے عبدالستار اور محمد جاوید، گروپ جی سے شاہد آفتاب اور عامر طارق جبکہ گروپ ایچ سے شرجیل محمود اور فرحان نور نے پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔




دریں اثناء شکست کے بعد نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے عالمی اسنوکر چیمپئن محمد آصف نے کہا کہ نہ جانے مجھے کس کی نظر لگ گئی، چیمپئن شپ کے دوران آنکھوں کی تکلیف کے بعد پیر میں موچ آگئی جس سے کارکردگی متاثر ہوئی اور میں ٹورنامنٹ میں جگہ برقرار نہ رکھ سکا،ایک سوال پر محمد آصف نے کہا کہ عالمی اعزاز حاصل کرنے کے بعد انعامات سے نوازنے کے وعدے وفا نہ ہونے سے بھی میں مایوسی کا شکار ہوں۔قبل ازیں سندھ کے سیکریٹری اسپورٹس سعید احمد اعوان نے اپنے دفتر میں منعقد ہونے والی ایک سادہ تقریب میں سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر سید محمد علی شاہ مرحوم کے وعدے کے مطابق عالمی چیمپئن شپ کے حصول پرمحمد آصف کو ایک لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔
Load Next Story