شمالی کوریا کی امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی

جنگی مشقوں میںجوہری ہتھیاربردار طیارے استعمال کرنا اشتعال انگیزی ہے، ترجمان.


APP March 22, 2013
جنگی مشقوں میںجوہری ہتھیاربردار طیارے استعمال کرنا اشتعال انگیزی ہے، ترجمان. فوٹو:اے ایف پی۔

شمالی کوریا کی فوج نے امریکی فوجی اڈوں کو حملوں کا نشانہ بنانے کی دھمکی دیدی۔

یہ دھمکی امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ جنگی مشقوں کے دوران جوہری ہتھیاروں سے لیس بی 52 بمبار طیارے استعمال کرنے کے ردعمل کے طور پر دی گئی۔ شمالی کوریا نے ان طیاروں کی پرواز کو ناقابل معافی اشتعال انگیزی قرار دیاہے۔

شمالی کوریا کی نیوز ایجنسی نے سپریم آرمی کمان کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی جوہری حملے کی مشقوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق امریکا کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ جاپان اور جزیرہ گوام میں امریکی فوجی اڈے شمالی کوریا کے نشانے پر ہیں۔شمالی کوریا نے جمعرات کو فضائی حملے کی وارننگ جاری کرتے ہوئے اپنی فوج کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔



جبکہ جنوبی کوریا کی وزارت ری یونیفکیشن نے اسے دفاعی مشق قرار دیا ہے۔ وزارت کے ترجمان نے بتایا کہ کسی فضائی حملے کی یہ وارننگ شمالی کوریا کے سرکاری ریڈیو سے جاری کی گئی جسے انھوں نے کسی بھی ممکنہ حملے سے بچائو کیلیے ایک مشق قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا کی طرف سے ایٹمی دھماکے کے بعد جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی عروج پر ہے اور شمالی کوریا پچھلے ماہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں پیشگی ایٹمی حملے کی دھمکی بھی دے چکا ہے۔ وزارت کے ترجمان نے بتایا کہ شمالی کوریا نے کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کیلیے فوجی مشقوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور یہ الرٹ ان مشقوں کا حصہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں