میانمار میں بدھ پیروکاروں اورمسلمانوں میں تصادم 20افراد ہلاک متعدد زخمی

تشددکاآغازایک مسلمان سنارکی دکان میں ہونے والی تکرارسے ہواجس میں دیکھے ہی دیکھتے سیکڑوں افرادملوث ہوگئے 


ویب ڈیسک March 22, 2013
میانمار کے وسطی علاقے میں فسادات کے دوران شہید کی جانے والی مسجد سے آگ کے شعلے بلند ہورہے ہیں، فوٹو : رائٹرز

میانمار میں بدھ پیروکاروں اور مسلمانوں میں تصادم کے دوران 20 افراد ہلاک اور متعددزخمی ہوگئے جبکہ 5 مساجد بھی شہید کر دی گئیں۔


وسطی میانمار میں گزشتہ روز شروع ہونے والے مذہبی فسادات نے شدت اختیار کر لی ہے، حالات کشیدہ ہونے کے باعث فوج نے علاقے میں کرفیو نافذ کردیا ہے جس کے باوجود حالات بے قابو ہوتے جا رہیں ہے، مشتعل افراد نے کئی گھروں اور سرکاری عمارتوں کو بھی جلا ڈالا ہے۔


جھڑپوں میں زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال میں منتقل کردیا گیاہے جہاں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل میانمار کی ریاست راکھین میں ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوگئے تھے۔ امریکا نے کہا ہے کہ اسے ان تازہ واقعات پر گہری تشویش ہے۔


اطلاعات کے مطابق تشدد کا آغاز ایک مسلمان سنار کی دکان میں ہونے والی تکرار سے ہوا جس میں دیکھے ہی دیکھتے سیکڑوں افراد ملوث ہوگئے اور لڑائی سڑکوں تک جا پہنچی۔ میک ٹیلا سے نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی نامی جماعت کے رکن پارلیمنٹ ون ٹین نے جمعرات کو اے ایف پی کو فون پر بتایا کہ انہوں نے تشدد کی اس نئی لہر میں اپنے حلقہ انتخاب میں اپنی آنکھوں سے جائے وقوعہ پر کم ازکم 10لاشیں پڑی دیکھی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ 80ہزار آبادی کے علاقے میک ٹیلا میں 30ہزار مسلمان ہیں لیکن انہوں نے اپنی زندگی میں ایسے فسادات نہیں دیکھے۔ انہوں نے ان فسادات کو پچھلے سال راکھین میں ہونے والی خون ریزی کا تسلسل قراردیا


واضح رہے کہ پولیس نے اب تک صرف 2افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جس میں ایک بدھ بھکشو شامل ہے جبکہ مشتعل ہجوم نے کئی مساجد نذرآتش کردیں۔ واقعات وقوع پذیر ہونے کے بعد علاقے میں کرفیو لگا دیا گیا تھا لیکن عینی شاہدین کے مطابق صبح ہوتے ہی ہنگامے ایک بار پھر پھوٹ پڑے۔ متعلقہ حکام صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔ علاقے کے ایک مکین نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس نے کئی لاشیں پڑی دیکھی ہیں۔ حالات بدتر ہوتے جارہے ہیں اور پولیس کے قابو میں نہیں آرہے۔ جابجا چاقو اور ڈنڈابردار افراد کی ٹولیاں سڑکوں اور گلیوں میں گھوم رہی ہیں۔ یادرہے کہ میانمر میں منسلمانوں اور بدھ پیروکاروں کے درمیان بے انتہا کشیدگی ہے۔


جون2012 سے اب تک راکھین میں کم ازکم 180افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ایک لاکھ10ہزار سے زائد اپنا گھربار چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ امریکی سفارت خانے سے جاری ایک مختصر بیان میں کہاگیا ہے کہ وہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ بیان میں امریکی سفیر ڈیرک مچل نے کہا کہ تشدد اور املاک کے بے پناہ نقصان کی اطلاعات ان کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔ انھوں نے ان واقعات میں جان گنوانے اور املاک کا نقصان اٹھانے والوں سے دلی ہمدردی کا اظہارکیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |