کراچی میں اے ٹی ایم ہیک کرنے والا ایک اور چینی گرفتار لاکھوں روپے برآمد

ملزم کی شناخت شو شوپنگ کے نام سے ہوئی جب کہ اس کے 3 ساتھی موقع سے فرار ہوگئے، اے ایس پی شارع فیصل


ویب ڈیسک January 14, 2018
گرفتار ملزم کی شناخت شو شوپنگ کے نام سے ہوئی، اے ایس پی فوٹو:ایکسپریس نیوز

KARACHI: شبیر آباد کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شارع فیصل پر واقع نجی بینک کے قریب سے چینی باشندے کو گرفتار کرکے اے ٹی ایم اسکیمنگ ڈیوائس برآمد کرلی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی شارع فیصل ٹیپوسلطان روڈ کے قریب شبیر آباد میں پولیس نے کارروائی کرکے ایک غیرملکی باشندے کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اے ٹی ایم اسکیمنگ ڈیوائس برآمد کرلی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کراچی میں اے ٹی ایم میں اسکمنگ ڈیوائس لگاتے 2 چینی باشندے گرفتار

اے ایس پی شارع فیصل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتار کیا جانے والا شخص چینی باشندہ ہے جو اپنے 3 ساتھیوں سمیت ایک بینک میں واردات کی غرض سے داخل ہورہا تھا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو موقع سے گرفتار کرلیا جس کی شناخت شو شوپنگ کے نام سے ہوئی جب کہ اس کے 3 ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔ گرفتار ہونے والے چینی باشندے کے قبضے سے 6 لاکھ روپے نقد اور اے ٹی ایم اسکیمنگ ڈیوائس برآمد ہوئی ہے، ملزم کو ایف آئی اے کے حوالے کیاجائے گا جب کہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ہی کراچی کے علاقے صدر کی مصروف زینب مارکیٹ میں واقع نجی بینک میں اسکیمنگ ڈیوائس لگائے ہوئے دو افراد کو گرفتار کیا گیا تھا اور مبینہ طور پر ان کا تعلق بھی چین سے ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔