اتحاد اور ایمریٹس ایئر لائن کا پی آئی اے کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار

آئندہ انتخابات سے قبل پی آئی اے کی نجکاری کی کوشش کریں گے، وزیر نجکاری دانیال عزیز


ویب ڈیسک January 14, 2018
وزیر نجکاری دانیال عزیز نے عندیہ دیا ہے کہ پی آئی اے کے بعد مزید اداروں کی بھی نجکاری کی جائے گی۔ فوٹو: فائل

حکومت نے انتخابات سے قبل پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ کیا ہے وزیر نجکاری دانیال عزیز نے کہا ہے کہ دیگر اداروں کی بھی نجکاری جلد شروع کریں گے۔

غیرملکی نیوز ایجنسی رائٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر نجکاری دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ نئی منصوبہ بندی کے تحت پی آئی اے کو فروخت کرنے کا ارادہ ہے آئندہ انتخابات سے قبل پی آئی اے کی نجکاری کی کوشش کریں گے امارات اور اتحاد ایئرلائن نے پی آئی اے کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

وزیر نجکاری نے کہا کہ اس ضمن میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت نجکاری کمیشن کے اجلاس میں سفارشات پیش کی جائیں گی ممکن ہے سفارشات پیش کرنے کا یہ مرحلہ اگلے ہفتے تک مکمل ہوجائے تاہم پی آئی اے کی نجکاری کے لیے پارلیمنٹ سے پہلے ایک بل کے ذریعے سال 2016ء میں کی گئی ایک قانون سازی کو مسترد کرنا پڑے گا جس میں پی آئی اے کو لمیٹڈ کمپنی قرار دیا گیا تھا۔

دانیال عزیز سے پوچھا گیا کہ پی آئی اے کو کیسے خریدا جائے تو انہوں نے جواب دیا کہ کل صبح اگر آپ کے پاس رقم ہے تو آئیں اور پی آئی اے کو خرید لیں ، تاہم دانیال عزیز نے پی آئی اے کی مالیت کے بارے میں کوئی بات نہیں کی کہ یہ ادارہ کتنے ارب روپے میں فروخت کیا جائےگا۔

اس ضمن میں ایکسپریس ٹریبیون نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس سے دانیال عزیز کے بیان کی تصدیق ہوتی ہے کہ اتحاد ایئرویز اور امارات ایئر لائنز نے پی آئی اے کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کردی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔