الیکشن کمیشن نے حساس پولنگ اسٹیشنز کی معلومات فراہم کر دیں آئی ایس پی آر

الیکشن کمیشن کی جانب سے حساس علاقوں میں واقع پولنگ اسٹیشنز کی ابتدائی معلومات فراہم کر دی گئی ہیں، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک March 22, 2013
سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے جی ایچ کیو میں فوجی حکام سے ملاقات میں انتخابات کے دوران فوج کی جانب سے سیکیورٹی فراہم کرنے سے متعلق امور پر بات کی، آئی ایس پی آر ۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے دوران سیکیورٹی کی فراہمی کے لئے حساس علاقوں کے پولنگ اسٹیشنز کی ابتدائی معلومات پاک فوج کو فراہم کر دیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے راولپنڈی میں جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور فوجی حکام سے ملاقات کی، ملاقات میں انتخابات کے دوران پاک فوج کی جانب سے سیکیورٹی فراہم کرنے سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے حساس علاقوں میں واقع پولنگ اسٹیشنز کی ابتدائی معلومات فراہم کر دی گئی ہیں اور اس موقع پر فوجی حکام نے الیکشن کمیشن کو پرامن انتخابات کے انعقاد کے لئے ہر ممکن تعاون کی ایک بار پھر یقین دہانی کرائی ہے۔

ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے دوران ملک بھر میں درکار سیکیورٹی ضروریات کی تفصیل اگلے چند ہفتوں میں فوجی حکام کو فراہم کرے گا جس کی بنیاد پر ایک جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دیا جائے گا اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن اور فوجی حکام کا ایک اور اجلاس ہو گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں