بلڈوزر لے کر غیرقانونی تعمیرات گرا ڈالیں چیف جسٹس کا ڈپٹی کمشنر مری کو حکم

مری سے غیر قانونی عمارتیں گریں گی یا آپ گر جائیں گے، چیف جسٹس کا ڈپٹی کمشنر سے مکالمہ

جن کے دور میں مری میں غیر قانونی تعمیرات ہوئی ان کے ناموں کی فہرست فراہم کی جائے، چیف جسٹس، فوٹو: فائل

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے مری میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مری کو حکم دیا ہے کہ بلڈوزر کرائے پر لیں اور غیر قانونی تعمیرات گرائیں۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے غیر قانونی تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ڈپٹی کمشنر مری سے مکالمے کے دوران ریمارکس دیئے کہ میں نے مال روڈ جوانی میں بھی دیکھا ہے اور بڑھاپے میں بھی، غیر قانونی تعمیرات کس کی ہیں، جن کے دور میں یہ تعمیرات ہوئی ان کے ناموں کی فہرست بھی فراہم کریں، مری جائیں منادی کروادیں جسے آنا ہے عدالت آجائے، عدالتوں میں جو کیس ہیں ان کی تفصیلات بھی فراہم کریں۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: سخت مزاحمت کے باوجود تجاوزات کا خاتمہ

انہوں نے کہا سیاسی اثرورسوخ کی وجہ سے غیرقانونی تعمیرات ہم سے چھپائی نہ جائے، یہ کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے، یہ غیرقانونی تعمیرات آپ کے ادارے کی آشیرباد سے ہوئیں، ثابت کریں کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہے۔ بلڈوزر کرائے پر لیں اور تعمیرات گرائیں، یہ عمارتیں گریں گی یا آپ گر جائیں گے، بعد ازاں کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔
Load Next Story