
اماراتی میڈیا کے مطابق یو اے ای جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیان میں الزام عائد کیا کہ قطری فضائیہ کے جنگی جہازوں نے اماراتی مسافر طیارے کا بحرین جاتے ہوئے ماناما کی فضائی حدود میں راستہ کاٹا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ پرواز معمول کے مطابق اپنے مقررہ روٹ سے گزر رہی تھی کہ اسی دوران قطری جنگی جہاز اس کے راستے میں آگئے اور راستہ کاٹ کر چلے گئے۔ قطری فضائیہ کا یہ عمل بین الاقوامی فضائی قوانین کی سراسر پامالی اور سفری حفاظت کے اقدامات کے برخلاف ہے۔ متحدہ عرب امارات نے مبینہ قطری مداخلت کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسافروں کی حفاظت اور سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: سعودی عرب سمیت 7 مسلم ممالک نے قطر سے تعلقات منقطع کردیے
دوسری جانب قطری حکام نے متحدہ عرب امارات کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ کوئی قطری جہازاماراتی طیارے کے راستے میں نہیں آیا۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز قطر نے یواے ای پر الزام عائد کیا تھا کہ ایک ہفتے کے دوران 2 بار اماراتی طیاروں نے دوحا کی فضائی حدود کی خلاف ورزیاں کی ہیں جس کی باقاعدہ شکایت اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کو کی گئی ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔