حصص مارکیٹ اتار چڑھاؤ کے بعد تیزی مزید 49 پوائنٹس ریکور

انڈیکس 17963 ہوگیا، 52 فیصد شیئر پرائسز، مارکیٹ سرمائے میں 2.6 ارب کا اضافہ۔

کاروباری حجم31 فیصد کم، 329 کمپنیوں کے 16 کروڑ 12 لاکھ حصص کا لین دین۔ فوٹو: فائل

لاہور:
کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی اتارچڑھائو کے بعد محدود پیمانے پر تیزی برقرار رہی جس سے52 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید2 ارب60 کروڑ9 لاکھ35 ہزار 919 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

انرجی سیکٹر کے سرکلر ڈیٹ کم کرنے کے بعض اقدامات تجویز ہونے کی اطلاعات اور الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول کے اجرا سے سرمایہ کاروں میں پیدا ہونے والے اعتماد کی وجہ سے تیزی کے اثرات غالب رہے، ٹریڈنگ کے دوران بینکوں ومالیاتی اداروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر97 لاکھ209 ڈالر مالیت کے سرمائے کے انخلا سے ایک موقع پر20.64 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے8 لاکھ29 ہزار292 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے18 لاکھ54 ہزار578 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے 19 لاکھ72 ہزار475 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے5 لاکھ99 ہزار 558 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے44 لاکھ44 ہزار306 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری نے مارکیٹ کے مورال کو بلند کرتے ہوئے مندی کو تیزی میں تبدیل کردیا۔




کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 49.50 پوائنٹس بڑھ کر17963.12 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 89.22 پوائنٹس اضافے سے 31311.31 ہو گیا، اسکے برعکس کے ایس ای 30 انڈیکس 9.03 پوائنٹس کمی سے 14257.72 ہو گیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 31.64 فیصد کم رہا،مجموعی طور پر16 کروڑ 12 لاکھ47 ہزار 200 حصص کے سودے ہوئے، کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ 329 کمپنیوں تک محدود رہا جن میں170 کے بھائو میں اضافہ 140 کے داموں میں کمی اور19 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

Recommended Stories

Load Next Story