آئی ایم ای آئی نمبر سے 6 سال میں7 لاکھ موبائل فون بلاک

جرائم سے نمٹنے کیلیے یکساں یا جعلی شناخت والے سیٹ بلاک کردیے جائینگے، پی ٹی اے

جرائم سے نمٹنے کیلیے یکساں یا جعلی شناخت والے سیٹ بلاک کردیے جائینگے، پی ٹی اے۔ فوٹو: فائل

KHANEWAL:
انٹرنیشنل موبائل ایکویپمنٹ آئیڈنٹیٹی (آئی ایم ای آئی) کے ذریعے گزشتہ 6 سال کے دوران چوری شدہ اور چھینے گئے 7 لاکھ سے زائد موبائل فون بلاک کرائے گئے ہیں۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کی سالانہ رپورٹ کے مطابق 2006 میں متعارف کرائی گئی اس سہولت کے ذریعے اوسطاً سالانہ 1لاکھ 18ہزار موبائل فون بلاک کرائے گئے ہیں، 6سال کے دوران بلاک کرائے گئے 7لاکھ 8ہزار 344موبائل فونز میں سے 38ہزار451 فونز مالکان کو واپس ملنے کے بعد مقررہ طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے ان بلاک کرائے گئے۔

اعدادوشمار کے مطابق سال 2006-07کے دوران 96ہزار 258 فون بلاک کیے گئے، سال 2007-08کے دوران 1لاکھ 57ہزار 826، سال 2008-09 کے دوران 1لاکھ 27ہزار 568موبائل فونز، 2009-10 کے دوران 1لاکھ 30 ہزار 298 موبائل فونز، 2010-11 کے دوران 1لاکھ 11ہزار 545موبائل فونز جبکہ مالی سال 2011-12 کے دوران 84ہزار 849موبائل فونز بلاک کرائے گئے۔




رپورٹ کے مطابق ملک میں جعلی یا ایک جیسے آئی ایم ای آئی کے حامل موبائل فون سیٹس کے ذریعے دہشت گردی اور جرائم کی وارداتوں کے خدشے کو کم کرنے کے لیے ایکویپمنٹ آئیڈنٹیٹی رجسٹر (ای آئی آر) کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

ای آئی آر میں تمام زیر استعمال موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبروں کی ازسرنو جانچ کی جائیگی اور ایک جیسے یا جعلی شناخت کے حامل موبائل فون سیٹ بلاک کردیے جائیں گے، اس کے ساتھ ہی بازاروں میں کسی بھی موبائل فون کے آئی ایم ای آئی کی ری پروگرامنگ پر پابندی عائد کرتے ہوئے ری پروگرامنگ کے مرتکب افراد کو سزائیں دی جائیں گی، اس مقصد کیلیے وفاقی وزارت خزانہ، وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے پالیسی احکام اہمیت کے حامل ہیں۔
Load Next Story