شہر میں بے لگام ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر خاتون کو زندگی سے محروم کر دیا۔
شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز اور بے لگام ڈاکوؤں پر قابو پانے میں پولیس بری طرح سے ناکام ہوگئی ، مردوں کے ساتھ ساتھ ڈاکو خواتین کو بھی نشانہ بنانے سے دریغ نہیں کر رہے ، کھوکھرا پار کے علاقے میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں مزاحمت کے دوران کی جان والی فائرنگ سے 35 روزینہ دختر حیات خان جاں بحق ہوگئی۔
مقتولہ کے بہنوئی محبوب علی نے بتایا کہ مکان نمبربی 8/231 گلی نمبر8 سعودیہ کالونی کھوکرا پار نمبر ایک کی رہائشی خاتون روزینہ کو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے اس وقت زندگی سے محروم کر دیا جب وہ اپنے بھائی مولا بخش کے ہمراہ بینک سے 50 ہزار نکلوا کو گھر کے قریب گلی کے کونے پر ہی پہنچی تھی کہ تعاقب میں آنیوالے ڈاکوؤں نے رقم چھیننے کے دوران مزاحمت پر اسے فائرنگ کا نشانہ بنا دیا۔
محبوب علی نے بتایا کہ مقتولہ کھوکھرا پار ڈاکخانے کے قریب واقع نجی اسکول میں ٹیچر ، غیر شادی شدہ اور 8 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی اور گھر کی واحد کفیل تھی۔ ڈاکوؤں نے روزینہ اور اس کے بھائی کے پرس اور دیگر سامان بھی چھین لیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
اس حوالے سے ایس ایچ او کھوکرا پار فرزاد شیخ نے بتایا کہ پولیس کو جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول ملا ہے جسے پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا اور پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے ، ڈاکوؤں نے شہر کے مختلف علاقوں میں رواں ماہ کے 15 روز کے دوران خاتون سمیت 4 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
دوران ڈکیتی مزاحمت اوراتفاقیہ گولیاںچلنے سے3افراد زخمی
ٹیپوسلطان تھانے کی حدود میں چنیسرگوٹھ کے قریب دو موری پلیا پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جس کی شناخت 70سالہ قمر زمان غنی ولد حفیظ الرحمن کے نام سے ہوئی،جسے گولی کندھے پر لگی، 2 ملزمان نے ضعیف العمر شہری سے 2 لاکھ 90 ہزار روپے چھینے اور فرار ہو گئے جن کی تعداد 2 تھی، ایس ایچ او ٹیپو سلطان شہزادہ سلیم نے بتایا کہ ملزمان کار سوارکا تعاقب کر رہے تھے۔
سنسان جگہ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شہری کو روکنے کیلیے ہوائی فائرنگ کی، اسلحے کے زور پر نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے، ایک گولی کندھے سے لگتی ہوئی گزر گئی، زخمی شہری نقدی رقم بینک میں جمع کرانے جارہے تھے کہ اس دوران ڈکیتی مزاحمت کا واقعہ پیش آیا۔
مومن آباد تھانے کی حدود میں واقع البدر چوک سیکٹر10کے قریب ڈکیتی مزاحمت کے دوران ایک شخص زخمی ہو گیا جس کی شناخت 34 سالہ خلیل احمدکے نام سے ہوئی جسے طبی امدادکیلیے ایمبولینس کے ذریعے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس ایچ او مومن آباد اعجاز پٹھان سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے فون نہیں اٹھایا،گلشن معمار تھانے کی حدود میں واقع پی ایچ اے سوسائٹی میں اتفاقیہ گولی چلنے سے سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا،جس کی شناخت 38 محمد شاہد کے نام سے ہوئی، پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ گارڈ کی جانب سے اتفاقیہ گولی چلنے پر پیش آیا تھا۔