کراٹے جاپانی کوچ پاکستانی پلیئرز کو تربیت دیں گے

ورلڈ چیمپئن شپ کی تیاریوں کیلیے 21 جنوری سے کیمپس کا انعقاد کیا جائے گا۔

ٹرینینگ کیمپس میں ٹاپ رینکنگ کے حامل قومی سطح کے کھلاڑی حصہ لیں گی۔ فوٹو؛ فائل

جاپان کراٹے ایسوسی ایشن پاکستان کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں تربیتی کیمپس کا انعقاد کیا جائے گا جب کہ ورلڈ چیمپئن شپ کی تیاریوں کے سلسلے میں کوچ شیناکیٹسوٹوشی آئیں گے۔

جاپان کراٹے ایسوسی ایشن آف پاکستان نے 21سے 30جنوری تک ٹریننگ کیمپس لگانے کا اعلان کردیا، جنرل سیکریٹری جے کے اے طارق علی نے بتایا کہ اس پروگرام کیلیے جاپانی سفارتخانے کا بھرپور تعاون حاصل ہے، کیمپس کا انعقاد بالترتیب کراچی، اسلام آباد، سیالکوٹ اور لاہور میں کیا جائیگا۔


طارق علی نے بتایا کہ کراٹے سیشن کیلیے شینا کیٹسوٹوشی کو مدعوکیا گیا ہے جو ورلڈ کراٹے چیمپئن ہونے کے علاوہ جاپان کراٹے ایسوسی ایشن کی 7th ڈگری بلیک بیلٹ کا اعزاز رکھتے ہیں، وہ سابق ورلڈ کاتا چیمپئن اور انسٹرکٹر ایشین ریجن بھی ہیں، جاپان کراٹے ایسوسی ایشن پاکستان نے انھیں پاکستانی کھلاڑیوں کی ایڈوانس ٹریننگ کیلیے مدعو کیا ہے۔

مسٹر شینا کیٹسوٹوشی کراٹے کی مقبول ترین شخصیات میں سے ایک اور سردست جاپان کراٹے ایسوسی ایشن کے انسٹرکٹر ہیں۔ وہ اس سے قبل بھی دو مختلف اوقات میں پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں، گزشتہ فروری میں بھی انھوں نے پاکستان میں کراٹے ٹریننگ کیمپ کی نگرانی کی تھی، ٹوکیو اولمپکس 2020 میں کراٹے کو بھی شامل کیا جا رہا ہے جس کی تیاری کیلیے ٹریننگ مسٹر شینا کیٹسوٹوشی کے ذمے ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں ہونے والے ٹرینینگ کیمپس میں ٹاپ رینکنگ کے حامل قومی سطح کے کھلاڑی حصہ لیں گی۔
Load Next Story