ٍپرویزرشید اورچوہدری نثارکے درمیان لفظی گولہ باری شدت اختیارکرگئی

پرویزرشید نے چوہدری نثارکو منافق قراردے دیا تو جواب میں سابق وزیر داخلہ نے انہیں خوشامدی کہہ دیا

چوہدری نثار اور پرویز رشید کے درمیان اختلافات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، فوٹو: فائل

لاہور:
مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما پرویزرشید اورچوہدری نثار کے درمیان اختلافات میں شدت آگئی ہے اوردونوں ہی ایک دوسرے پرشدید لفظی گولہ باری کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویزرشید نے چوہدری نثارکومنافق قراردے دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روزچوہدری نثارکا بیان شروع ہی یہاں سے ہوا تھا کہ وہ بیان دینا پسند نہیں کرتے ہیں، ان کے بیان سے ہی ان کی منافقت کا اندازہ لگا لیں۔ چوہدری نثار نے شیر کے نشان کے بغیرایک الیکشن لڑااور بری طرح ہار گئے تھے۔


پرویز رشید کے بیان دینے کی دیر تھی کہ چوہدری نثار کے ترجمان کا بھی بیان سامنے آگیا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز رشید غلط بیانی کے ماہر اور خوشامدی ہیں، وہ ان ہی خصوصیات کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کے سیاسی ارسطو بنے بیٹھے ہیں۔ چوہدری نثار نے 1985، 1988، 1990 اور 2013 کے انتخابات شیر کے نشان کے بغیر جیتے۔

واضح رہے کہ ڈان لیکس کے بعد چوہدری نثار اور پرویز رشید کے درمیان اختلافات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں لیکن دونوں کے درمیان نئی لفظی جنگ دو روز قبل اس وقت شروع ہوئی جب پرویز رشید نے کہا تھا کہ چوہدری نثار فوج کے ایک گروہ کو خوش کرنے کے لئے ڈان لیکس کے معاملہ پر انہیں پارٹی سے نکالنا چاہتے تھے، پارٹی نے چوہدری نثار کو نکالا تو وہ اس کی حمایت کریں گے۔

Load Next Story