کرکٹ کا فروغ افغانستان کو پاکستان تکنیکی معاونت فراہم کرے گا

ٹریننگ کیمپس، پریکٹس میچز، اینٹی ڈوپنگ وکرپشن لیکچرز کا اہتمام کرنے پر اتفاق۔


Sports Reporter March 23, 2013
ٹریننگ کیمپس، پریکٹس میچز، اینٹی ڈوپنگ وکرپشن لیکچرز کا اہتمام کرنے پر اتفاق۔ فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ کے فروغ کیلیے افغانستان کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔

دونوں ممالک کے مابین معاہدہ طے پاگیا، پی سی بی پڑوسی ملک کے کوچز، امپائرزوکیوریٹرز کی تربیت، اُبھرتے ہوئے کھلاڑیوں کیلیے این سی اے میں ٹریننگ کیمپس، پریکٹس میچز، اینٹی ڈوپنگ اور کرپشن لیکچرز کا اہتمام کرے گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے جنگ اور دہشت گردی کی تباہ کاریوں کے شکار افغانستان میں کرکٹ کو فروغ دینے کیلیے ہمیشہ بھرپور معاونت کی ہے، افغانی ٹیم میں شامل کئی کھلاڑی پناہ گزین کے طور پر پاکستان میں رہتے ہوئے ہی کرکٹ کی طرف مائل ہوئے تھے۔

اس ضمن میں باہمی تعلقات کو آگے بڑھانے کا سلسہ جاری رکھتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین تعاون کے معاہدے پر گذشتہ روز پی سی بی کے چیف آپریٹنگ سبحان احمد اور اے سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نور محمد نے دستخط کیے۔کنٹریکٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ لیول ون اور ٹو کوچ، امپائر، کیوریٹر، گراؤنڈ مین اور پرفارمنس اینالسٹ کی تیاری اور تعلیم و تربیت میں افغانستان کو معاونت فراہم کرے گا، کھلاڑیوں کو ترتیب دینے میں بھی مدد فراہم کی جائے گی،اُبھرتے ہوئے کرکٹرز کو ہرسال نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ایک ماہ کے کیمپ کے دوران بنیادی اور تکنیکی سہولتیں فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا،اس دوران مہمان پلیئرز این سی اے ٹیم کے ساتھ5 میچز بھی کھیلیں گے۔

9

کرکٹرز کی مہارت بہتر بنانے کے ساتھ جسمانی اور ذہنی پختگی کیلیے خصوصی پروگرام تشکیل دیے جائیں گے، پی سی بی کھلاڑیوں کو اینٹی ڈوپنگ، کرپشن اور ضابط اخلاق سے روشناس کرانے کیلیے لیکچرز کا اہتمام بھی کرے گا۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سبحان احمد نے کہا کہ 1990سے اب تک افغان کرکٹ کی بہتری کیلیے ہر ممکن تعاون کر رہے ہیں، پاکستان کی مدد سے ہی افغانستان نے تیزی سے اپنا مقام بناتے ہوئے ایسوسی ایٹ کا درجہ حاصل کیا ہے،اس کے کرکٹرز میں اتنی صلاحیت ہے کہ ہماری معاونت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عالمی مقابلوں میں بڑے کارنامے سرانجام دے سکیں۔

باہمی کاوشوں سے حاصل ہونے مثبت نتائج سے نہ صرف افغانستان میں کرکٹ بلکہ دونوں ممالک میں امن اور بھائی چارے کی فضا کو بھی فروغ حاصل ہوگا، عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے، اے سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نور محمد نے کہا کہ معاہدہ افغان کرکٹ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، کرکٹرز ، کوچز اور امپائرز پاکستان میں موجود شاندار سہولتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تعیلم و تربیت کے اہم مراحل طے کرکے کھیل میں تیزی سے بہتری کی گامزن ہونے کے امکانات روشن کریں گے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے اُبھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلوں میں مستقبل کے اہم چیلنجز کی تیاری اور اپنی خامیاں جانچنے کا بہترین موقع ملے گا، انھوں نے کھیل کے فروغ کیلیے بھرپور تعاون کرنے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں