پاک سعودی مشترکہ وزارتی تجارتی کانفرنس آج ہوگی

 حلال مصنوعات کی برآمد اور کاروباری ویزے کا نظام آسان بنانے پرغورمتوقع


علیم ملک January 17, 2018
 حلال مصنوعات کی برآمداورکاروباری ویزے کا نظام آسان بنانے پرغورمتوقع فوٹو: فائل

پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے مشترکہ وزارتی کانفرنس بدھ کو ہوگی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان حلال مصنوعات کی برآمدات اورکاروباری ویزے کا نظام آسان بنانے کے حوالے سے امورزیر غور آنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ وزارتی کانفرنس آج ہو گی جس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر تجارت محمد پرویز ملک کریں گے جبکہ سعودی عرب کی نمائندگی سعودی وزیر تجارت کریں گے، وزیر تجارت کے علاوہ وزارت قومی غذائی تحفظ اور اقتصادی امور ڈویژن کے حکام بھی موجود ہوں گے، مشترکہ وزارتی کانفرنس کے دورران فریقین کی جانب سے دوطرفہ تجارت وسرمایہ کاری اور حلال مصنوعات کی برآمدات کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔

ذرائع کے مطابق دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے وزارت تجارت، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور سرمایہ کاری بورڈ کامشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز زیر غور ہے جس کے بارے میں سعودی وزارت تجارت کے ساتھ بات چیت کو آگے بڑھایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق مشترکہ وزارتی کانفرنس میں سعودی عرب کو حلال مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کے حوالے سے امور پر بات چیت کی جائے گی، زرعی مصنوعات و دیگر حلال مصنوعات کی برآمدات میں پاکستان کو سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے امور زیرغور آنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری وفود کے لیے ویز ے کا نظام سہل بنانے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور آنے کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں