ایف بی آر ڈٹ گیا ٹیکس ہدف پر نظر ثانی کے بجائے حصول کی حکمت عملی تیار

اسی عرصے میں حاصل ہونے والی120.5 ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلے میں32...

یف بی آر کو رواں مالی سال 2012-13کے پہلے ماہ(جولائی)کے دوران ٹیکس وصولیوں میں30 ارب روپے سے زائد کا شارٹ فال ہوا ہے۔ فائل فوٹو

KARACHI:
فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے رواں مالی سال کیلیے مقررہ 2381 ارب روپے کے ٹیکس ہدف پر تنقید کے بعد نظرثانی کے بجائے اسے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے حصول کیلیے حکمت عملی کی منظوری بھی دیدی ہے جس کے تحت ایف بی آر نے پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر 2012) کیلیے 482.5ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف مقرر کیا ہے۔

جو گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران حاصل ہونے والی 380.8 ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلے میں101.7 ارب روپے زیادہ ہیں۔ ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے رواں ماہ (اگست)کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 152.7ارب روپے مقرر کیا ہے جو گزشتہ مالی سال2011-12 کے اسی عرصے میں حاصل ہونے والی120.5 ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلے میں32 ارب روپے زیادہ ہیں۔

جبکہ ایف بی آر کو رواں مالی سال 2012-13کے پہلے ماہ(جولائی)کے دوران ٹیکس وصولیوں میں30 ارب روپے سے زائد کا شارٹ فال ہوا ہے۔ ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آر کی طرف سے رواں مالی سال 2012-13 کی پہلی سہ ماہی کیلیے مقرر کردہ 482.5 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں میں سے براہ راست ٹیکس (انکم ٹیکس)کی مد میں وصولیوں کا ہدف 158.7ارب روپے مقرر کیا ہے۔


جو گزشتہ مالی سال 2011-12کی پہلی سہ ماہی میں انکم ٹیکس کی مد میں حاصل ہونے والی 124.4 ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلے میں 34.3 ارب روپے زیادہ ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے رواں مالی سال 2012-13کی پہلی سہ ماہی کے لیے ان ڈائریکٹ ٹیکسوں میں سے سیلز ٹیکس کی مد میں وصولیوں کا ہدف 246.5 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کے دوران سیلز ٹیکس کی مد میں حاصل ہونے والی 185.3 ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلے میں61.2 ارب روپے زیادہ ہیں۔

جبکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کا ہدف 29ارب روپے مقرر کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال 2011-12کی پہلی سہ ماہی میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں حاصل ہونے والی 25ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلہ میں 4 ارب روپے زیادہ ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق ایف بی آر نے رواں سہ ماہی کیلیے کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کا ہدف48.3 ارب روپے مقرر کیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں حاصل ہونیوالی 42.6 ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلے میں 5.7 ارب روپے زیادہ ہیں۔ دستاویز کے مطابق ایف بی آر کی طرف سے رواں ماہ (اگست)کیلیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف152.7 ارب روپے مقرر کیا گیا۔

جس میں براہ راست ٹیکس (انکم ٹیکس) وصولیوں کا ہدف40.9 ارب روپے، ان ڈائریکٹ ٹیکسوں میں سے سیلز ٹیکس کی مد میں وصولیوں کا ہدف 85.7 ارب روپے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کا ہدف10 ارب روپے اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کا ہدف16.1 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔
Load Next Story