ابھی احتجاج کی ابتدا ہے ہم اسے انتہا تک لے جائیں گے طاہر القادری
لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے تحت متحدہ اپوزیشن کے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے طاہر القادری کا کہنا تھا کہ آج جو منظر آپ دیکھ رہے ہیں لاہور کی سرزمین پر اس میں میرا کوئی کمال نہیں یہ کمال سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا، مظلوموں اور زینب کا ہے، یہ سب آج کمزوروں کو طاقت دینے کے لئے جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نئے دور کے شیخ مجیب سے، درندوں سے ملک کو بچانے کے لئے عدلیہ کو آزاد کرنے کے لئے،انصاف کو ہر مظلوم کے لئے عام کرنے کے لئے سب ایک ہوئے ہیں۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم کوئی قدم پاکستان کے آئین کے خلاف نہیں اٹھانا چاہتے نہ اس کا سوچ سکتے ہیں ہم آئین اور جمہوریت کی حفاظت چاہتے ہیں، لیکن انہوں نے آئین کو پامال کیا ہے، میں بتادینا چاہتا ہوں نواز اور شہبازشریف صاحب اگر امن توڑنا ہوتا تو آپ کو جاتی امرا سے باہر ایک قدم رکھنے کی جرات نہ ہوتی، ہم نے قانون ہاتھ میں لیناہوتا تو سانحات برداشت نہ کرتے، ہمارا شیوہ نہ توڑ پھوڑ ہے نہ جلاؤ گھیراؤ ہے، ہم آپ کے ظلم و جبر کو توڑنا چاہتے ہیں۔
طاہر القادری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) واحد جماعت ہے جس کانام اس کے سربراہ کے نام پر ہے، پوری دنیا میں ایک سیاسی جماعت ایسی نہیں جس کانام کسی شخص کے نام پر ہو،(ن)لیگ سلطنت شریفیہ کا سیا سی لشکر ہے، انہوں نے دہشت گردی کا کلچر متعارف کیا ہے، انہیں امن سے دشمنی ہے، انہوں نے بے نظیر بھٹو اور عمران خان کی کردار کشی کی، انہوں نے انسانیت پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں لیکن میں بتادینا چاہتا ہوں کہ یہ جمہوری جدوجہد اور احتجاج کی ابتدا ہے اسے انتہا تک لے جائیں گے۔
آصف زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ نوازشریف گریٹر پنجاب بنانے کی بات کررہے ہیں،نوازشریف نے خود کو ملک توڑنے والے سے تشبیہہ دیتے ہوئے کہا کہ مجھے شیخ مجیب الرحمان بنایا جارہا ہے ،شیخ مجیب نے پاکستان توڑا اور ملک کو دولخت کرنے والوں کو ہماری نسلیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔
آصف زرداری نے کہا کہ اس ملک کو خطرہ اور کسی سے نہیں صرف جاتی امرا ہے،ملک پراتنا زور ڈال دیا گیا ہے کیونکہ یہ چاہتے ہیں پاکستان کو کمزور کردیا جائے، دعا اور دوا دینا ہم سیاسی لوگوں کا کام ہے اور بلوچستان کو میں نے دعا ضرور دی تھی ہم سیاست کریں گے لیکن ملک کے خلاف سیاست نہیں ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں جب چاہوں ان کو نکال سکتا ہوں مجھے انھیں نکالنے میں کوئی دیر نہیں لگے گی لیکن میں پاکستان کے مستقبل کا سوچتا ہوں ہماری آنے والی نسلوں نے اس ملک میں رہنا ہے، یہ جہاں جائیں گے وہاں جاتی امرا بنالیں گےانہیں کسی کی پروا ہ نہیں انہیں صرف جاتی امرا کی پروا ہ ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وہ قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواہش ہے عمران خان پاکستان کے وزیراعظم ہوں لیکن میں کہتا ہوں عمران خان آپ بھی استعفیٰ دو، باہر آؤ لاٹھیاں اٹھاؤ جاتی امرا کی اینٹ سےاینٹ بجادو، یہ بڑے ڈھیٹ ہیں بے شرم ہیں یہ تقریروں سے نہیں جاتے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے امریکا کے کہنے پر ختم نبوت کا معاملہ چھیڑا جب کہ بھارت کو اجمل قصاب کے گھرکا پتہ نواز شریف نے دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے گھر میں حسینہ واجد بھی ہے، اب شیخ مجیب نوازشریف کا ہیرو اور لیڈر بن گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ احتجاج جمہوریت کا حسن ہے، اگر لوگوں کو انصاف مل جائے تو وہ احتجاج کیوں کریں گے؟ انہیں انصاف نہیں ملتا تب ہی وہ احتجاج کرتے ہیں، تمام جماعتوں کو یہاں جمع کرنے پر قادری صاحب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن اور زینب قتل کیس میں مماثلت ہے، ماڈل ٹاؤن کی طرح قصور میں بھی پولیس نے نہتے شہریوں پر گولیاں اس طرح چلائیں جس طرح دہشت گردوں پر چلائی جاتی ہیں، جب تک اوپر سے حکم نہ ہو پولیس کبھی شہریوں پر گولیاں نہیں برساتی، اگر پولیس نے اپنی مرضی سے گولیاں چلائی ہوتیں تو آج سارے اہلکار جیل میں ہوتے، اگر آج ہم ان کے خلاف نہ نکلے تو یہ آئندہ بھی شہریوں کو قتل کرتے رہیں گے۔
شیخ رشید کی جانب سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفی کے اعلان پر عمران خان نے کہا کہ میں شیخ رشید کی باتوں سے متفق ہوں ایسی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتا ہوں جو مجرم کو پارٹی سربراہ بنائے ، شیخ رشید کا استعفی والا آئیڈیا اچھا ہے اس بارے میں پارٹی سے مشاورت کروں گا اور ممکن ہے ہم جلد شیخ رشید کو جوائن کرلیں۔