مصرمیں اخوان المسلمون کے حامیوں اور مخالفین میں جھڑپیں 40 افراد زخمی
مصر کے خراب حالات کے باعث معاشی بحران سنگین پوتا جارہا ہے
مصر میں اخوان المسلمون کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپوں میں 40 سے زائد افراد زخمی ہو گئے جب کہ اس دوران کئی گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی گئی۔
مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں اخوان المسلمون کے مخالفین نے تنظیم کے ہیڈکواٹر کا گھیرا ؤکر لیا اور اندر گھسنے کی کوشش کی، مشتعل افراد نے بسوں کو آگ لگا دی اور پر پتھراؤ کیا۔ تنظیم کے حامی اور مخالفین کے درمیان جھڑپوں کو روکنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا اور لاٹھی چارج کیا جب کہ متعدد افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔
واضح رہے کہ محمد مرسی کے صدرمنتخب ہونے کے بعد ان کی جماعت اخوان المسلمون اور مخالفین میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک متعدد افراد ہلاک اورزخمی ہوچکے ہیں جب کہ اس دوران مشتعل افراداخوان المسلمون کے کئی دفاتر کوبھی آگ لگا چکے ہیں، مصر کے خراب حالات کے باعث معاشی بحران سنگین ہوتا جارہا ہے۔