ملک بھر میں 74 واں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا گیا

ملک کے تمام شہروں اور قصبات میں اہم سرکاری اور نجی عمارتوں پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی گئی تھیں۔


ویب ڈیسک March 23, 2013
دارالحکومت میں دن کے آغاز پر 31توپوں کی سلامی دی گئی ،مساجد میں ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں فوٹو: فائل

ملک بھر میں 74 واں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے شایان شان انداز میں منایا گیا۔

یوم پاکستان کے موقع پر دن کا آغاز روایتی طور پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد علما کرام نے ملک میں امن وامان اور ترقی وخوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔ اس کے علاوہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک کی ترقی، بقا اور سلامتی کے لئے دعا ئیں مانگی گئیں۔

مزار قائد کراچی اور مزار اقبال لاہور میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات منعقد کی گئیں جہاں سیاسی و عسکری شخصیات نے حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ ملک کے تمام شہروں اور قصبات میں اہم سرکاری اور نجی عمارتوں پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جارہی ہیں۔ اہم عمارات، سڑکوں اور چوراہوں کو برقی قمقموں کی مدد سے خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ اسکولوں میں قیام پاکستان کے اغراض و مقاصد سے روشناس کرانے کے لئے خصوصی ٹیبلو پیش کئے جارہے ہیں، یوم پاکستان کے موقع پر مختلف سیاسی اور سماجی جماعتوں اور تنظیموں کی طرف سے خصوصی پروگرام ترتیب دیئے گئے تھے۔

اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور صوبائی دارالحکومتوں میں گورنر کی جانب سے مختلف شعبہ جات میں خدمات سرانجام دینے والے سول اور فوجی شخصیات کو اعلیٰ اعزازت سے نوازا گیا۔

واضح رہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں خصوصی پریڈ کا انعقاد کیا جاتا تھا جس میں مسلح افواج کے دستوں کی جانب سے سلامی دی جاتی تھی جبکہ پاک فضائیہ کے پائلٹس اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے تھے جبکہ اس تقریب میں ملک کے مختلف صوبوں کی علاقائی ثقافت کے رنگ دکھائی دیتے تھے تاہم ملک میں جاری دہشتگردی اور امن و امان کی خراب صورت حال کے باعث 2006 سے یہ تقریب منعقد نہیں ہوئی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں