حکمرانوں کا محاسبہ فوج یا کسی اور ادارے کی نہیں عوام کی ذمے داری ہے نواز شریف

2008 کے انتخابات میں ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے اس وقت تمام ادارے مسلم لیگ(ن)کے خلاف تھے، نواز شریف


ویب ڈیسک March 23, 2013
اگر اللہ نے انہیں موقع دیا تو قومی خدمت کے جذبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، نواز شریف۔ فوٹو: فائل

KARACHI:

مسلم لیگ(ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ حکمرانوں کا محاسبہ فوج یا کسی اور ادارے کی نہیں عوام کی ذمے داری ہے۔



اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران نواز شریف نے کہا کہ ملک اس وقت قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔ حکومت 3 ارب سے زیادہ کے نوٹ روزانہ چھاپ رہی ہے،دنیا پاکستان کو عزت کی نگاہ سے نہیں دیکھتی، اس صورت حال میں سب قوتوں کو اکٹھا ہونا چاہیے۔ پوری قوم کا متفقہ ایجنڈا ہونا چاہیے،اگر ہم نے خود اپنی حالت بدلنے کا خیال نہ کیا تو اللہ تعالیٰ بھی مدد نہیں کرے گا۔


نواز شریف نے کہا کہ2008 کے انتخابات میں ان کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے اس وقت تمام ادارے مسلم لیگ(ن)کے خلاف تھے۔ انہیں اقتدار کا لالچ نہیں، عوام جسے موقع دیں گے وہ قبول کریں گے۔ انتخابات میں اگر جسے بھی کامیابی ملتی ہے اور وہ ملک کی خدمت کرتا ہے توہم اس کی حمایت کریں گے اور اگر اللہ نے انہیں موقع دیا تو قومی خدمت کے جذبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور جو بھی قدم اٹھایا وہ 20 کروڑ عوام کی بھلائی کے لیے ہوگا۔


مسلم لیگ(ن) کے صدر نے مزید کہا کہ حکمرانوں کا محاسبہ فوج یا کسی اور ادارے کی نہیں عوام کی ذمے داری ہے۔ ہمیں کس طرح کا پاکستان چاہیے یہ فیصلہ ہمیں بطور قوم کرنا چاہیے،عوام کو ہرحکومت کا محاسبہ کرنا چاہیے۔ ماضی میں جو ہوگیا ہے اسے دوبارہ نہیں ہونا چاہیے۔


تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں