سندھ حکومت نے واٹر بورڈ کو میئر کے کنٹرول میں دینے کا فیصلہ کر لیا

پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے منظوری دے دی، میئر واٹر بورڈ کے چیئرمین ہوں گے۔


Staff Reporter January 19, 2018
حکومت کراچی میں فراہمی ونکاسی آب کے مسائل کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی. فوٹو: فائل

عدالت کی جانب سے مسلسل باز پرس پر سندھ حکومت نے ادارہ فراہمی ونکاسی آب سے جان چھڑانے کا فیصلہ کرلیا جب کہ واٹر بورڈ میئر کراچی کے ماتحت کرنے پر اتفاق، پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے منظوری دے دی۔

نتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کراچی میں فراہمی و نکاسی آب کے سنگین مسائل کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے جس کے باعث صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، دوسری طرف فراہمی ونکاسی آب کے اربوں روپے لاگت کے اہم ترین منصوبے مسلسل التوا کا شکار ہونے سے حکومت سندھ کے خلاف عدلیہ بھی باز پرس کر رہی ہے جس سے جان چھڑانے کے لیے سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کی حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو میئر کراچی کے کنٹرول میں دینے کا فیصلہ کرلیا۔

باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے بھی اس کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد قوی امکان ہے کہ آج(جمعہ کو) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو میئر کراچی کے ماتحت کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔

اس سلسلے میں ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ واٹر بورڈ کی آج کی بورڈ میٹنگ چیئرمین اور صوبائی وزیر بلدیات جام خان کی صدارت میں منعقد ہوگی جس میں ایوارڈ کیے گئے کئی اہم ٹینڈرز کی منظوری دی جائے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین واٹر بورڈ کی حیثیت سے وزیر بلدیات جام خان شورو کی یہ آخری بورڈ میٹنگ ہوگی جس کے بعد واٹر بورڈ میئر کراچی وسیم اختر کے ماتحت کردیا جائے گا، اجلاس میں تمام ڈی ایم سیز کے چیئرمینز بھی شریک ہوں گے۔

دوسری طرف واٹر بورڈ کے افسران کا کہنا ہے کہ بورڈ میٹنگ میں بعض ایسے منصوبوں کو بھی ریگولرائز کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس میں افسران کی مبینہ سرپرستی سے سنگین نوعیت کی بدعنوانیاں کی گئی ہیں۔ ممبران کو چاہیے کہ ان کی منظوری دینے کے بجائے کمیٹی بنا کر تحقیقات کی جائیں۔

دریں اثناء ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کر دی ہیں ایسے موقع پر فراہمی ونکاسی آب کے سنگین مسائل سے پیپلز پارٹی کو عام انتخابات میں سیاسی نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ دوسری طرف سپریم کورٹ کی جانب سے قائم کیے جانے والے واٹر کمیشن کی پوچھ گچھ اور عوام کو صاف پانی فراہم کرانے کے عزم پر سندھ حکومت پریشانی کا شکار ہے، سندھ حکومت کے تھنک ٹینک نے اس سلسلے میں واٹر بورڈ میئر کراچی کے حوالے کر کے جان چھڑانے کا مشورہ دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔