50 لاکھ روپے کے چاول کی چوری پر ایکسپورٹرز کو تشویش

علاقہ پولیس اور متعلقہ افسران علاقے میںلوٹ مار اور چوریوں کی وارداتوں پرقابو پانے میںدلچسپی کا مظاہرہ نہیں کر رہے.


Business Reporter August 08, 2012
50 لاکھ روپے کے چاول کی چوری پر ایکسپورٹرز کو تشویش , فوٹو فائل

سائٹ سپرہائی و ے ایسوسی ایشن، فیڈرل بی ایریا ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ایسوسی ایشن اور رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے بھتہ خوری اورچوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کااظہارکرتے ہوئے صدر مملکت، وزیراعظم راجا پرویز اشرف، وفاقی وزیر داخلہ، گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ اورآئی جی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ تاجروصنعت کاربرادری کو تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات کو ہنگامی بنیادوں پرعملی جامہ پہنایاجائے اور سائٹ سپر ہائی وے پر بڑھتے ہوئے جرائم کوکنٹرول کیا جائے۔

مذکورہ ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے کہا کہ گلشن معمار تھانے کی حدود میں برآمدکنندگان کی سرگرمیوں کوروکنے کی ہرممکن کوشش کی جارہی ہے اور گزشتہ شب بھی چاول کے معروف برآمدکنندہ کی فیکٹری میں زبردستی داخل ہوکر50 لاکھ روپے سے زائدمالیت کے چاول لوٹ کرٹرکوں پرلادکرچلے گئے، رمضان المبارک کے مہینے کے دوران علاقے میں چاول کی سرعام لوٹ مار کی یہ دوسری واردات ہے۔

لیکن علاقہ پولیس اور متعلقہ افسران علاقے میںلوٹ مار اور چوریوں کی وارداتوں پرقابو پانے میںدلچسپی کا مظاہرہ نہیں کر رہے۔ سائٹ سپرہائی وے ایسوسی ایشن کے چیئرمین مہتاب الدین چائولہ نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے سائٹ سپرہائی وے میں قائم فیکٹریوں، گوداموں اورصنعتوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں اوراگریہی صورتحال برقراررہی توتاجر و صنعت کاراپنا کاروباربندکرنے پرمجبورہوجائیںگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں