پی آئی اے کی پرواز میں آپس میں لڑنےوالی دونوں ایئرہوسٹس معطل

طیارےکاساراعملہ کام چھوڑکردونوں ایئرہوسٹس کو سنبھالنےلگا

فلائٹ میں موجود بچے عملے کی چیخ وپکارسےسہم گئے؛ فوٹو: فائل

KARACHI:
پی آئی اے انتظامیہ نے دوران پرواز آپس میں لڑائی کرنے اور ایئرلائن قوانین کی خلاف ورزی پر دونوں خواتین ایئر ہوسٹسز کو معطل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 313 میں 2 ایئرہوسٹس آپس میں لڑ پڑیں۔ دونوں کے درمیان تند و تیز جملوں کا تبادلہ ہوا اور دونوں کی جانب سے مسافروں کے سامنے اس قدر شور شرابہ کیا گیا کہ طیارے میں موجود بچے سہم گئے اور طیارے میں موجود تمام عملہ اپنی ذمہ داریاں چھوڑ کر ان میں بیچ بچاؤ کرانے لگا۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: پی آئی اے پرواز میں بچی کی پیدائش

ترجمان پی آئی اے انتظامیہ نے ایئرلائن قوانین کی خلاف ورزی پردونوں خواتین ایئر ہوسٹسز کو معطل کر دیا ہے، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ معطل کی گئیں دونوں ایئر ہوسٹس کے خلاف انکوائری مقرر کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کی پروازوں میں اس طرح کے واقعات اور مسافروں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنا روز کا معمول بن گیا ہے۔ چند ماہ پہلے بیرون ملک جانے والی ایک پرواز میں پائلٹ غیر ملکی دوشیزہ کو کاک پٹ میں لے آیا تھا اور معاون پائلٹ کو باہر نکال دیا گیا تھا۔
Load Next Story