منگھو پیر سلطان آباد میں رینجرز کا آپریشن54 ہتھیار برآمد

ڈی جی رینجرز کی سربراہی میں سلطان آباد اور ملحقہ علاقوں میں طویل سرچ آپریشن، سیکڑوں گولیاں اور بم دھماکوں میں۔۔۔


Staff Reporter March 24, 2013
منگھو پیر: رینجرز کے آپریشن کے دوران برآمد کیا جانے والا اسلحہ اور دیگر سامان صحافیوں کو دکھایا جارہا ہے، چھوٹی تصویر ملزمان کی ہے۔ (فوٹو ایکسپریس)

رینجرز نے منگھوپیر میں9 گھنٹے طویل آپریشن کے دوران200 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر مختلف اقسام کا اسلحہ ، گولیاں اور بم دھماکوں میں استعمال کی جانے والی ڈیوائس برآمد کرلیں۔

آپریشن کے دوران ڈی جی رینجرز 3 گھنٹے تک موقع پر موجود رہے جو افسران و اہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے رہے ، رینجرز نے تفتیش کے بعد 184 افراد کو چھوڑ دیا جبکہ گرفتارکیے جانے والے16 ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔

منگھوپیر میں جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے ڈی جی رینجرز کی ہدایت پر 2 چوکیاں قائم کر کے رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کیا جائے گا، تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل رضوان اختر کی سربراہی میں رینجرز کی درجنوں موبائلوں ، بکتر بند اور موٹر سائیکلوں پر سوار ایک ہزار سے زائد اہلکاروں نے ہفتے کی علی الصباح 5 بجے منگھوپیر کے علاقے سلطان آباد سمیت ملحقہ علاقوں میں ناکہ بندی کرکے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کردیا جہاں کسی کو بھی آنے یا جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔



اس موقع پر ڈی جی رینجرز رضوان اختر افسران اور جوانوں کو ہدایات دیتے رہے جبکہ گھر گھر تلاشی کے دوران رینجرز کی خواتین اہلکار بھی ان کے ہمراہ تھیں،رینجرز نے 9 گھنٹے کے طویل سرچ آپریشن کے دوران 200 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر 54 اقسام کے مختلف ہتھیار ، گولیاں اور بم دھماکوں میں استعمال ہونے والی 3 امپرووائزڈ ایکسپلوزیو ڈیوائس (آئی ای ڈی) برآمد کرلیں ، رینجرز نے حراست میں لیے جانے والوں میں سے 184 افراد کو تفتیش کے بعد رہا کر دیا جبکہ 16 ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔

رینجرز کی جانب سے شروع کیا جانے والا آپریشن ہفتے کی دوپہر 2 بجے تک جاری رہا اور کسی بھی غیر معمولی نقل وحرکت کی کڑی نگرانی کے لیے رینجرز کی جانب سے ہیلی کاپٹر سے علاقے کی فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی، ڈی جی رینجرز منگھوپیر سلطان آباد آپریشن کی براہ راست 3 گھنٹے تک نگرانی کرتے رہے جہاں انھوں نے ان علاقوں میں فوری طور پر رینجرزکی 2چوکیاں قائم کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ دونوں چوکیوں پر رینجرزکی بھاری نفری کو تعینات کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔