علماو اولیا شیخ عبدالقادرؒ کو پیدائشی ولی تسلیم کرتے ہیں مقررین

آپؒ نے ہزاروں غیر مسلموں کو مسلمان کیا، جامعہ کراچی میں سیمینار کا انعقاد۔

آپؒ نے ہزاروں غیر مسلموں کو مسلمان کیا، جامعہ کراچی میں سیمینار کا انعقاد۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کو آپ کی خدمات و افکار کے باعث غوث اعظم دستگیرؒ کا خطاب دیا گیا، علما اور اولیا آپ کو پیدائشی ولی تسلیم کرتے ہیں۔

آپ کو ولایت کا علم10برس کی عمر میں ہی عطا ہوگیا تھا، ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز مقررین نے''یوم غوث اعظمؒ'' کے موقع پر کیا جس کا اہتمام انجمن محبان رسولؐ جامعہ کراچی اور سیرت مصطفیؐ سوشل سوسائٹی جامعہ کراچی نے سماعت گاہ کلیہ فنون میں کیا تھا۔

مقررین نے کہا کہ جس معاشرے میں دین کی بنیاد وں کو ہلاکر رکھ دیا گیا اور مسلمانوں کو بنیادی عقائد سے دورکرنے کی بھر پور کوششیں کی گئیں وہاں عبدالقادر جیلانیؒ جیسے اولیائے کرام نے جہاد علم بلند کیا اور اسلام کی درست تعلیمات کو پھیلایا اور ہزاروں غیرمسلموں کو مسلمان بھی کیا، آپؒ نے بے شمار کتابیں تصنیف کیں جن میں روحانی موضوعات بھی شامل تھے۔




آپؒ کوبیک وقت محی الدین، شیخ الشیوخ، سلطان الاولیا، سردار اولیا، قطب ربانی، محبوب سبحانی اور امام اولیا کے القاب سے بھی یاد کیا جاتا ہے، مقررین میں حاجی حنیف طیب، پروفیسر ڈاکٹر احمد قادری، پروفیسر ڈاکٹر مجید اللہ قادری اور سید اعجاز علی نقوی شامل تھے،حاجی حنیف طیب نے طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کی شخصیت کا مطالعہ گہرائی کے ساتھ کرنا چاہیے۔

آپؒ کے عقیدت مند صرف برصغیر پاک وہند میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں موجود ہیں، پروگرام میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر صادق علی خان نے انجام دیے جبکہ احمد رضا، محمد وسیم، شکیل مدنی اور خرم حبیب نے ہدیہ نعت پیش کیا، یوم غوث اعظم کے منتظمین میں مشیر امور طلبا پروفیسر ڈاکٹر انصر رضوی، ڈاکٹر سید منصور علی، محمد احمد قادری، منصور قادری، سید وجاہت مشتاق اوریٰسین منہانی شامل تھے۔

اس موقعے پر علامہ جہانگیر احمد، پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین، سید انیس احمد زیدی، ملک محمد حسین سمیت اساتذہ، طلبا اور ملازمین جامعہ کراچی کی بڑی تعداد نے شرکت کی، آخر میں سید اعجاز علی نقوی نے دعاکرائی۔
Load Next Story