12برس میں نیب زدگان کی فہرست الیکشن کمیشن کے حوالے

آرٹیکل62،63پرعمل کیلیے نیب کااقدام،350افرادمیں سیاست دان،فوجی شامل

سزایافتہ،پلی بارگین کرنیوالے،زیرسماعت ریفرنسوں کے ملزمان بھی فہرست میں ہیں فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو (نیب) نے انتخابات میں آئین کے آرٹیکل62 اور63 پر عملدرآمد کے لیے گزشتہ 12سال میں احتساب عدالتوں سے سزا پانے والے، پلی بارگین کرنے والے اور زیرسماعت ریفرنسوں کے تمام ملزمان کی فہرست الیکشن کمیشن کو فراہم کردی ہے۔

اس فہرست میں ان شخصیات کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں جو ریفرنسوں سے بری ہوگئے تھے مگر ان کے خلاف نیب کی اپیلیں ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہیں۔ اس فہرست میں350شخصیات کے نام شامل ہیں جن میں سیاست دان، بیوروکریٹ، فوجی افسران، سی ڈی اے، محکمہ مال کے افسران بھی شامل ہیں۔




اس فہرست میں سابق وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ شہباز شریف، ان کی والدہ شمیم بیگم، بیٹے حسین نواز، حمزہ شہباز، بیگم کلثوم نواز، مریم نواز کے خلاف احتساب عدالت نمبر4 راولپنڈی میں زیرسماعت اربوں روپے کی کرپشن، منی لانڈرنگ اور قرض نادہندگی کے 3ریفرنس اتفاق فاؤنڈری، رائے ونڈمحل، حدیبیہ پیپرملز بھی شامل کیے گئے ہیں۔

ان کے علاوہ پیپلزپارٹی کے صوبائی صدرمنظور احمدوٹو، پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے صدر انورسیف اللّہ، سابق وزیردفاع نویدقمر، پیپلزپارٹی کے سینیٹرسیف اللّہ بنگش، سابق میئرفیصل آباد چوہدری شیرعلی، چوہدری امیرعلی، مسلم لیگ(ن) کے سابق ایم پی اے چوہدری تنویرخان، مسلم لیگ(ن) کے سابق ایم پی اے چوہدری ریاض، ایم کیوایم کے ڈاکٹرفاروق ستار، علی رضاشاہ، بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل منصورالحق، بریگیڈیئر(ر) امتیازاحمد، پیپلزپارٹی کے عدنان خواجہ کے نام بھی شامل ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story