ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی جاری مزید 5 شہری شہید

بجوات، چپراڑ، سجیت گڑھ و دیگر سرحدی علاقوں میں آبادی کو نشانہ بنایا گیا، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دوبارہ طلبی۔


Numaindgan Express January 21, 2018
3 دنوں میں ہلاکتیں 8، درجنوں مویشی بھی مارے گئے، پنجاب رینجرز کا بھرپورجواب۔ فوٹو؛ فائل

ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی تیسرے روز بھی جاری رہی تاہم فائرنگ اور گولہ باری سے مزید 5 شہری شہید جبکہ 35 زخمی ہوگئے،

گزشتہ روز علی الصباح بجوات، چپراڑ، سجیت گڑھ، ہرپال، باجرہ گڑھی، معراجکے پھوکلیان' رڑکی اعواناں' کنڈیال کنگرہ' جوئیاں سلہریاں' تانگڑہ راجہ ہرپال' چارواہ' ہرناوالی' پنڈولی' تول ملانے و دیگر علاقوں میں پاکستانی پوسٹوں اور آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔

بجوات کے گاؤں پٹولی میں 3سالہ بچہ حسنین اور اس کی ماں نجف بتول گولہ لگنے شہید ہو گئے، دیگر علاقوں میں 45سالہ محمد سرور' 18سالہ وحید' 56سالہ رشید بشیرشہید جبکہ محمد سرور' نسرین' زینب' رخسانہ شمس' نوید انور' محمد رفاقت' حیدر شاہ' واجد شاہ' مدیحہ واجد' صغراں بی بی' اصغر'غلام فرید' صدیق' سحر اقبال' محمد علی'راج رمضان' ولید' زاہد لطیف' سرفراز رمضان' عاشق ابراہیم' شمیم ذوالفقار' نذیراں بی بی' عدنان' ہ نسرین بشیر' عاطف صدیق' ذیشان ظہور' ظہور احمد' مہران بی بی' سخاوت' مشتاق' مافیا' طیبہ و دیگر زخمی ہوئے جنہیں سی ایم ایچ سیالکوٹ منتقل کر دیا گیا جب کہ اکثر کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔

علاوہ ازیں درجنوں مویشی بھی مارے گئے، قیمتی املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا، سرحدی علاقوں کے مکین پالتو مویشیوں کے ہمراہ نقل مکانی کر گئے، 3 دن میں بھارتی فورسز کی فائرنگ اور بھاری گولہ باری سے شہید ہونے والوں کی تعداد 8 ہو گئی۔

بھارتی فائرنگ' گولہ باری کے باعث سرحدی علاقوں کے بیشتر علاقہ مکین نقل مکانی کر گئے ہیں ، ضلعی انتظامیہ نے متاثرین کے لیے امدادی کیمپ بھی لگایا ہے، ادھر پنجاب رینجرز کے بہادر جوانوں نے بھارتی فورسز کو بھرپور جواب دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی سیالکوٹ کے اجلاس میں اراکین اسمبلی کو بریفنگ دیتے ہوئے ہوئے بتایا کہ اس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلیے اور متاثرین کیلیے 7ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں جہاں پر مفت ٹرانسپورٹ' کھانا' جانوروں کیلیے چارہ اور طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر فرخ نوید نے بلاروالی اور بگھیاڑی میں لگائے گئے ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور سی ایم ایچ میں زخمیوں کی عیادت کی،انہوں نے بتایاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے جان بحق افراد کے لواحقین کیلئے 5لاکھ روپے فی کس' شدید زخمیوں کو 75 ہزار اور معمولی زخمیوں کو 50 ہزار امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر قانون زاہد حامد خان نے سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری لائن پر اپنے حلقہ انتخاب کے دیہاتوں پر بھارتی بھارتی فائرنگ کے متاثرین سے ملاقاتیں کیں اور متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لیا،انھوں بھارتی فائرنگ وگولہ باری کی مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی دہشت گردی قراردیا۔

پاکستان نے ہفتہ کو بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دوبارہ طلب کرکے کھوٹی رتہ، بگسار اور خنجر سیکٹروں پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی ہے۔

دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق جنوبی افریقہ اور سارک کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت پر زور دیا کہ وہ 2003کے جنگ بندی کے معاہدے کی پاسداری کرے اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے موجودہ اور دیگر واقعات کی تحقیقات کرے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوج نے صرف گزشتہ بیس دنوں میں کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر جنگ بندی کی ڈیڑھ سو سے زیادہ مرتبہ خلاف ورزیاں کی ہیں جس کے نتیجے میں 9 بے گناہ شہری شہید اور40 زخمی ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔