بھارتی فوج کی نکیال سیکٹر پر فائرنگ سے خاتون سمیت 2 شہری شہید

پاکستان کا بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں شہریوں کی شہادت پر بھارت سے شدید احتجاج


ویب ڈیسک January 21, 2018
شہری آبادی پر فائرنگ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، دفتر خارجہ۔ فوٹو: فائل

بھارتی فوج کی نکیال سیکٹر پر فائرنگ سے خاتون سمیت دو شہری شہید ہوگئے جب کہ دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرکے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ سے خاتون سمیت 2 شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی جاری، مزید 5 شہری شہید

دفتر خارجہ کے مطابق ایل او سی کے نکیال سیکٹر پر بھارت کی 18 چوکیوں سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 33 سالہ دل محمد ولد جان محمد اور 25 سالہ نفیسہ زوجہ کامران شہید ہوگئیں جب کہ فائرنگ کے نتیجے میں 6 ماہ کی بچی اور 2 خواتین شدید زخمی ہوگئیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمیوں میں 26 سالہ صاحبہ زوجہ ماجد، چھ ماہ کی بچی نور دختر ماجد اور 38 سالہ نسیمہ زوجہ خادم حسین شامل ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ورکنگ باؤنڈری پر اشتعال انگیزی؛ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جی پی سنگھ کو احتجاجی مراسلہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ شہری آبادی پر فائرنگ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت 2003 کے سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے اور سیز فائر کی خلاف ورزی کے پے درپے واقعات کی تحقیقات کرکے اس کے نتائج سے آگاہ کرے، بھارتی حکومت اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو کام کرنے کی اجازت بھی دے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں