ملک بھر میں بارشیں چھتیں آسمانی بجلی گرنے سے سیکیورٹی اہلکار سمیت19افراد جاں بحق

5 اہلکاروں سمیت متعدد زخمی، جبوآنہ میں ماں اور 2 بچے، کرک میں ایک ہی خاندان کے 5افراد ملبے تلے دب گئے.


Numaindgan Express March 24, 2013
سندھ میں پڈعیدن، نوشہروفیروز، مٹھیانی،کنڈیارو سمیت دیگرعلاقوں میں 3 خواتین سمیت 4افرادہلاک اور متعدد زخمی. فوٹو : اے ایف پی فائل

صوبائی اور وفاقی دارالحکومتوں سمیت ملک بھرکے بیشتر حصوں میں بارش سے موسم خوشگوارہو گیا ۔

تاہم کئی علاقوں میں طوفانی آندھی اور ژالہ باری سے کچے مکانات اورفصلوں کو نقصان پہنچا،چھتیں گرنے اور سیلابی پانی کے باعث ماں اور 2 بچوں سمیت 19افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، اسلام آباد، پشاور،کوئٹہ سمیت متعدد علاقوں میں بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔

فیصل آبادکے نواحی موضع جبوآنہ میں گزشتہ رات گئے محنت کش عارف اہلخانہ کے ساتھ سو رہا تھا کہ گھرکی چھت گر گئی جس سے اس کی اہلیہ رضیہ مائی، 2 بچے 10 سالہ رمضان اور 8سالہ آسیہ موقع پردم توڑ گئے جبکہ کمسن سعدیہ اورعمران زخمی ہیں۔لاہور میں ایمپریس روڈ پر رکشے پردرخت گرنے سے خاتون جاں بحق، اس کا 2سالہ بیٹا اور ڈرائیور زخمی ہوگئے، خاتون کی شناخت نہیں ہوسکی۔ مصری شاہ میں بجلی کی ٹوٹی ہوئی تار کی زد میں آ کر نامعلوم راہگیرکرنٹ لگنے سے چل بسا۔ دیگرحادثات میں سلیم اور نذیر سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔



 

کرک میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5افراد سربراہ سمیت جاں بحق ہوگئے، معلوم ہوا ہے کہ تبی خوا میں چھٹی پرگھر آیا فوجی اہلکار غلام مصطفیٰ کمرے میں دیگر افراد کے ہمراہ موجود تھا کہ چھت نیچے آ گری جس کے نتیجے میں غلام مصطفیٰ، ان کی اہلیہ اول سعیدہ، 11 سالہ بیٹا غلام مرتضیٰ، بھتیجا 4 سالہ عادل اور بھتیجا فیاض موقع پرجاں بحق ہو گئے جبکہ غلام مصطفیٰ کی بھابھی صبر جمالہ، بیٹی ظہرہ اور بھیتجا حسن شدید زخمی ہوگئے ۔ اورکزئی ایجنسی کے علاقے غوڈلہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق اور5 زخمی ہو گئے۔

ڈیرہ مرادجمالی کی تحصیل تمبو میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچہ جاں بحق اور27افراد زخمی ہوگئے۔ صوبہ سندھ کے علاقوں پڈعیدن، نوشہروفیروز، مٹھیانی، کنڈیارو بھریاسئی دریاخان مری سمیت دیگر علاقوں میں چھتیں، درخت،سائن بورڈ گرنے سے تین خواتین سمیت 4افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی بارش جاری رہی جبکہ زیارت شہر اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی، کئی علاقوں میں ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچا، تحصیل درگ میں ایک شخص منظور سیلابی پانی میں بہہ کر جاں بحق ہو گیا۔ ملتان کے نواحی علاقوں میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے فصلوں اور آم وجامن کو نقصان پہنچا ہے۔ ڈیرہ غازیخان اور نواح میں شدید بارش اور ژالہ باری کے باعث رود کوہی سخی سرور اور درگ لاڑ بپھر گئیں۔ پشاور، ڈی آئی خان، ٹانگ، شیرگڑھ میں چھتیں گرنے اور مختلف حادثات کے باعث 13افراد زخمی ہو گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہوائوں کیساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔